میڈیکل، ڈینٹل کالجز میں داخلے کیلئے ٹیسٹ، ایک لاکھ 67 ہزار امیدواروں کی شرکت

Sep 23, 2024

لاہور+ کراچی (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کیلئے گزشتہ روز ملک بھر سے ایک لاکھ 67 ہزار 77 امیدواروں نے 18 ہزار سے زائد نشستوں کیلئے امتحان دیا۔ اس موقع کے امتحانی سینٹرز کے اردگرد انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بند رہی۔ پنجاب سے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ میں 58,379 امیدواروں نے شرکت کی جن میں 40,363 لڑکیاں اور 18,016 لڑکے شامل تھے۔ یہ امتحان یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) کے زیر اہتمام صوبے کے 12 بڑے شہروں میں قائم 26 مراکز پر بیک وقت منعقد کیا گیا۔ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے مراکز پر دفعہ 144 نافذ کی گئی تھی جس کے تحت غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع تھا۔ یو ایچ ایس نے امتحان کے کامیاب انعقاد کے لیے 4,253 سپرنٹینڈنٹس اور نگران تعینات کیے تھے جن میں سے صرف لاہور میں 1,000 عملہ تعینات تھا۔ لاہور میں کامسیٹس یونیورسٹی، پنجاب یونیورسٹی امتحانی ہالز، اور ڈویژنل پبلک سکول ماڈل ٹاؤن سمیت آٹھ مختلف مراکز میں 11,735 لڑکیوں اور 4,655 لڑکوں نے امتحان دیا۔ ملتان میں 11,765، فیصل آباد میں 6,539، بہاولپور میں 3,669، گوجرانوالہ میں 3,481 اور دیگر شہروں میں ہزاروں طلبہ نے شرکت کی۔ جوابی کلید کے حوالے سے امیدوار آج شام 5 بجے تک آن لائن پورٹل پر اعتراضات اٹھا سکتے ہیں۔ پنجاب کے 16 سرکاری میڈیکل کالجز میں 3,376 ایم بی بی ایس اور 3 ڈینٹل کالجز میں 240 بی ڈی ایس کی نشستیں دستیاب ہیں۔ اسی طرح 32 نجی میڈیکل کالجز میں ایم بی بی ایس کی چار ہزار اور 17 ڈینٹل کالجوں میں بی ڈی ایس کی 1,025 سیٹیں ہیں۔ میڈیکل کالج میں داخلے کیلئے ایم ڈی کیٹ میں 55 فیصد جبکہ ڈینٹل کالج کیلئے کم از کم 50 فیصد نمبر لینا لازمی ہے۔ کراچی میں ایم ڈی کیٹ کے ٹیسٹ کے لیک پرچے کو ڈاؤ یونیورسٹی نے جعلی قرار دے دیا۔ ترجمان ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کا کہنا ہے کہ پرچہ لیک ہونا ممکن ہی نہیں، سوشل میڈیا پر ایم ڈی کیٹ کا لیک ہونے والا وائرل پرچہ جعلی ہے۔ تصدیق کے بغیر افواہیں نہ پھیلائی جائیں۔ پی ایم ڈی سی کی جانب سے رواں سال سندھ میں ایم ڈی کیٹ کی ذمہ داری تیسری بار پھر ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کو سونپی گئی، سندھ بھر میں تقریبا 38 ہزار 700 امیدواروں نے حصہ لیا، جن میں سے 12 ہزار 846 امیدوار کراچی سے ہیں۔ کراچی کی میڈیکل و ڈینٹل کالج و یونیورسٹیز کی 858 نشستوں کیلئے ٹیسٹ لیا گیا جبکہ 858 نشستوں میں سے 746 اوپن میرٹ جبکہ 112 سیلف فنانس کی نشستیں ہیں۔ کے پی سے 42 ہزار 329، بلوچستان سے 5 ہزار 806 امیدوار شریک ہوئے۔ وائس چانسلر بولان میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر شبیر لہڑی نے کہا کہ میڈیکل کالجز میں داخلوں کے لئے ہونے والے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے دوران 50 سے زائد طلبہ کو حراست میں لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات سے نقل میں استعمال کی جانے والی ڈیوائسز بھی برآمد کی گئی ہیں۔

مزیدخبریں