کولمبو +اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) سری لنکا کے صدارتی انتخابات میں ترجیحی ووٹوں کی گنتی مکمل ہو گئی۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق مارکسی نظریے کے حامی انورا کمارا سری لنکا کے نئے صدر منتخب ہو گئے۔ سری لنکا میں پہلی بار صدر کا انتخاب دوسری بار گنتی کے ذریعے ہوا ہے۔ صدارتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں کوئی امیدوار 50 فیصد ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا تھا۔ سری لنکن میڈیا کے مطابق ووٹوں کی گنتی کے پہلے مرحلے میں بائیں بازو کے رہنما انورا کمارا دسا نائکے 39 فیصد ووٹ لے کر آگے رہے جبکہ اپوزیشن رہنما سازتھ پریم داسا نے 34 فیصد ووٹ حاصل کیے۔ الیکشن میں ڈالے گئے ترجیحی ووٹوں کی اہمیت اس وقت بڑھ جاتی ہے جب پہلے مرحلے میں کوئی امیدوار 50 فیصد ووٹ حاصل نہیں کر پاتا اور اس صورت میں دیکھا جاتا ہے کہ امیدوار نے دوسری ترجیح کس امیدوار کو دی ہے۔انتخابات میں فتح کے بعد انورا کمارا نے کہا ترقی و استحکام کے ہمارے خواب نئی شروعات سے پوے ہوں گے اور سنہالیوں، تاملوں، مسلمانوں اور تمام سری لنکن شہریوں کا اتحاد ہی نئی شروعات کی بنیاد ہو گا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے سری لنکا کے نومنتخب ہم منصب انورا کمارا کو مبارک باد دی ہے۔ صدر نے کہا کہ انوراکمارا کی قیادت میں دونوں ممالک کے تعقات مزید مضبوط ہونگے۔ سری لنکا کی قیادت اور عوام کے لئے نیک تمنائیں ہیں۔
ترجیحی ووٹوں کی گنتی مکمل‘ انورا کمارا سری لنکا کے نئے صدر منتخب
Sep 23, 2024