معافی کیوںمانگوں؟ جو کرنا ہے کرلو:گنڈاپور ‘ اتوار کو میانوالی میں جلسے کا اعلان

پشاور(نوائے وقت رپورٹ) خیبرپی کے  کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے آئندہ اتوار کو میانوالی میں جلسے کا اعلان کردیا۔ویڈیو بیان میں علی امین گنڈاپور نے کہا آئندہ اتوار کو میانوالی میں جلسہ کروں گا، میانوالی کے بعد پنڈی میں جلسہ کریں گے، ان کو ہم بتائیں گے جلسے کیا ہوتے ہیں؟ انہوں نے کہا بار بار معافی کی بات ہورہی ہے، معافی کس سے مانگوں اور کیوں مانگوں؟پہلے معافی مجھ سے مانگیں، بانی پی ٹی آئی کو گرفتار کرنے پر معافی مانگیں، پرامن احتجاج میں میرے لوگوں پر ظلم ہوا، میرے لوگوں کو شہید کیا گیا، اس کی معافی کون مانگے گا؟ انہوں نے کہا معافی ظرف والے لوگ مانگتے ہیں، ہم پہلے تمام مظالم کی معافی منگوائیں گے، ہمارے ساتھ زیادتیاں ہوئی ابھی تک ہورہی ہے، معافیوں والی باتیں مت کرو، معافیوں پر بات گئی تو جو زندگی بچی ہے اس پر آپ معافیاں مانگتے پھرو گے، نہ پنجاب حکومت کا غلام ہوں نہ کسی اور کا کہ میں معافی مانگوں، میں نے ایسا کوئی کام نہیں کیا جس پر معافی مانگوں۔وزیر اعلیٰ خیبر پی کے  نے کہا  پرچے کاٹنے ہیں جو کرنا ہے کرلو، معافی نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا بانی پی ٹی آئی کو رہا کر کے وزیر اعظم بنائیں گے، علامہ اقبال نے جس ریاست کا خواب دیکھا تھا پاکستان کو وہ ریاست بنائیں گے، آئین کی بالادستی، بانی پی ٹی آئی کی رہائی تک تحریک چلائیں گے۔ پنجاب حکومت نے جلسے میں سٹینڈرڈ ٹائم کی جو حرکت کی ہے اس کی بھرپور مذمت کرتا ہوں، لاہور کے لوگوں کا شکریہ خوف کا بت توڑ کر بھرپور جلسہ کیا، اس ملک میں تو سٹینڈرڈ رولز بھی نہیں ہیں، ہمارا مطالبہ ہے دو نہیں ایک پاکستان ہمیں چاہیے۔انہوں نے کہا راستے بند تھے، کنٹینرز  رکھے تھے جھوٹا بیانیہ بنایا راستے کھلے تھے، جلسہ گاہ کے دو کلومیٹر تک باڑ لگائی گئی کہ لوگ نہ جاسکیں، ساڑھے 5 بجے لاہور پہنچ گیا تھا، سوشل میڈیا پر ریکارڈ موجود ہے، آپ اتنے جمہوری ہیں تو مینار پاکستان میں اجازت دیتے،  جمہوری ہو تو دوبارہ مینار پاکستان میں جلسہ کی اجازت دیں، رکاوٹوں کے باوجود لوگ نکلے ان کو سلام پیش کرتا ہوں۔

ای پیپر دی نیشن