شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) شیخوپورہ شہر و گردونواح میں ایل پی جی گیس کی ری فلنگ اور پبلک ٹرانسپورٹ میں استعمال میں اضافہ ہو گیا ہے شہر سے چلنے والی اکثر ویگنوں، آٹو رکشہ میں ایل پی جی کا استعمال کیا جا رہا ہے اور ایل پی جی سلنڈر بھی غیر معیاری بتائے گئے ہیں ۔اکثر گاڑیوں میں ایل پی جی سلنڈر میں آگ لگنے کے واقعات بھی رونما ہو چکے ہیں ضلعی انتظامیہ محکمہ ٹرانسپورٹ شیخوپورہ اور سول ڈیفنس کا عملہ ایل پی جی کی ری فلنگ اور گاڑیوں میں استعمال کو روکنے میں بری طرح ناکام ہو چکا ہے ایک سروے میں انجمن شہریاں کے صدر چوہدری طاہر منہاس نے بتایا کہ آٹو رکشہ کے باہر سلنڈر نصب کئے جاتے ہیں ،ویگنوں میں بھی غیر معیاری سلنڈر لگائے جا رہے ہیں ۔ ایل پی جی گیس کی ری فلنگ کا دھندا عروج پر ہے۔ انہوں نے و زیراعلیٰ پنجاب ،چیف سیکرٹری پنجاب ،کمشنر لاہور ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس غیر قانونی دھندے کے تدارک کیلئے فوری نوعیت کے اقدامات کیے جائیں ۔