حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت)ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عبدالرزاق نے کہا ہے کہ تمام محکمے ڈینگی کی روک تھام کے لیے اپنے حفاظتی اقدامات اور سرگرمیوں کو جاری رکھیں۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال حافظ آباد اور ٹی ایچ کیو ہسپتال پنڈی بھٹیاں میں خصوصی انسدادکاؤنٹرز قائم کیے جائیں گے،ضلع کے تمام سکولوں، کالجوں میں طلبہ و طالبات کو ڈینگی سے بچاؤ کے حوالہ سے لیکچر اور آگاہی فراہم کی جائے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ا نسداد ڈینگی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حمداللہ، اسسٹنٹ کمشنر سہیل ریاض، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عمر شریف راٹھور، ڈی ایچ او ڈاکٹر فائق علی تارڑ،سی ای او ایجوکیشن محمد انور جاوید سمیت تمام ضلعی محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ انسداد ڈینگی ٹیمیں اپنے ہاٹ سپاٹ کو ہر لحاظ سے چیک کریں اور اگر کسی ٹائر شاپس، ہوٹل یا دیگر کاروباری مراکز میں صفائی کے ناقص انتظامات یا کہیں پانی جمع ہو تو مالکان کے خلاف سخت ایکشن لیتے ہوئے اس جگہ کو سیل کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام افسران اور فوکل پرسنز کو ہدایت کی کہ اپنی سرگرمیوں بارے حقائق پر مبنی درست رپورٹنگ کی جائے، غلط رپورٹنگ کرنے والے یوزرز اور فوکل پرسنز کے خلاف محکمانہ کاروائی کی جائے گی۔