لاہور( کامرس رپورٹر)ٹیکس ایجوکیشن اینڈ لرننگ کے صدر قاری زوہیب الرحمن زبیری نے کہا ٹیکس نیٹ بڑھانا ہے تو ایف بی آر کو بے جا شرائط کا خاتمہ اور اپنے سسٹم کی استعداد کو بڑھانا ہوگا ،جس طرح کی رکاوٹیں سامنے آرہی ہیں اس سے یہ نتیجہ اخذ کرنا مشکل نہیں کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں امسال کتنے گوشوارے جمع ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے ’’انکم ٹیکس گوشوارہ2024 اور ایف بی آر کا سسٹم‘‘ کے موضوع پر مذاکرے سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر چیئرمین قاری حبیب الرحمن زبیری ،سینئر نائب صدر عاشق علی رانا، نائب صدر واصف علی شیخ،جنرل سیکرٹری سید حسن علی قادری،فنانس سیکرٹری سیف الرحمن زبیری ،جوائنٹ سیکرٹری عبدالرحمن اور ایگزیکٹو ممبران بھی موجود تھے۔زوہیب الرحمن زبیری نے کہا ایف بی آر جان بوجھ کر ٹیکس دہندگان کیلئے مشکلات پیدا کر رہا ہے تاکہ لوگ بروقت اپنا گوشوارہ جمع نہ کرا سکیں اور لیٹ فائلر کی کیٹیگری میں چلے جائیں۔ہونا تو یہ چاہیے ایف بی آر انکم ٹیکس گوشوارہ لینے کیلئے سسٹم اور کالمز میں آسانیاں پیدا کرے۔