وزیر اعظم جنرل اسمبلی اجلاس میںاقوام متحدہ کے کردار کثیرالجہتی کیلئے عزم کا اعادہ کرینگے:افتخارعلی

Sep 23, 2024

لاہور(کامرس رپورٹر)سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا وزیر اعظم شہباز شریف کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 79ویں اجلاس سے خطاب عالمی امن کے فروغ، سکیورٹی اور ترقی میں اقوام متحدہ کے کلیدی کردار اور دنیا میں کثیرالجہتی کیلئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کریگا۔ گزشتہ روز انہوں نے کہا وزیر اعظم اپنے خطاب میں بین الاقوامی تنازعات اور موسمیاتی تبدیلی سے لے کر غربت و اقتصادی عدم مساوات تک دنیا کو درپیش چیلنجز اور عالمی مسائل سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی تعاون اور اجتماعی کردار کی اہمیت پر زور دیں گے۔ وزیر اعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کے تعاون اور تنازعات سے متاثرہ خطوں میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے میں اہم کردار کو اجاگر کریں گے۔ مزید برآں وہ اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے نئی کوششوں پر زور دیں گے۔ خاص طور پر ترقی پذیر ممالک کے تناظر میں، جنہیں عالمی اقتصادی بدحالی اور کوویڈ 19کی وجہ سے غیر متناسب چیلنجز کا سامنا ہے۔ شہباز شریف علاقائی سلامتی کے مسائل بشمول مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور وہاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی طرف دنیا کی توجہ مبذول کرائیں گے۔

مزیدخبریں