کوشش ہے وائٹ بال کرکٹ میں صلاحیتوں کا لوہا منواؤں:محمد ہریرہ 

Sep 23, 2024

لاہور(سپورٹس رپورٹر)چیمپئنز کپ میں شریک ٹیم ڈولفنز کے نوجوان بیٹر محمد ہریرہ نے کہاہے کہ ان کی خواہش ہے وہ ہر فارمیٹ میں کامیاب بیٹر بنیں اور اس مقصد کے حصول کیلئے وہ مسلسل محنت کر رہے ہیں۔ وہ ریڈ بال کرکٹ میں زیادہ کھیل چکے ہیں اور اسکا اچھا تجربہ ہے لیکن وائٹ بال میں ابھی زیادہ موقع نہیں ملا، کوشش ہے کہ وہ وائٹ بال کرکٹ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں۔ وہ اپنے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے آف سیزن میں بھی انتھک محنت کرتے ہیں اور غیر روایتی شاٹس کیساتھ ساتھ نئے شاٹس کی پریکٹس کرتے ہیں۔ وہ امید رکھتے ہیں آنے والے میچز میں ان کی محنت کا پھل ملے گا اور وہ اپنی بیٹنگ میں ان شاٹس کا کامیابی سے استعمال کر سکیں گے۔ ان کا فوکس ہمیشہ اپنے گیم کو بہتر کرنے پر ہوتا ہے اور وہ اس بارے میں نہیں سوچتے کہ انہیں کب موقع ملے گا۔محمد ہریرہ کے مطابق وہ اپنے کنٹرول میں نہ آنے والی چیزوں کی فکر نہیں کرتے بلکہ اپنی کارکردگی پر مرکوز رہتے ہیں کیونکہ اگر ان چیزوں کا سوچا کہ جو اپنے ہاتھ میں نہیں تو توانائی کا ٹھیک استعمال نہیں ہوسکتا۔ چیمپئنز کپ میں ان کی ٹیم میں تسلسل کی کمی ایک بڑا مسئلہ ہے، کیونکہ ٹیم میچ کے کچھ حصوں میں اچھا کھیل پیش کرتی ہے اور بعض حصوں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ون ڈے فارمیٹ میں مکمل کارکردگی کا مظاہرہ ضروری ہوتا ہے اور ٹیم کو بطور بائولنگ اور بیٹنگ گروپ دونوں شعبوں میں بہتر کھیلنا ہوگا۔

مزیدخبریں