ڈینگی تدارک کیلئے محکمے سرگرم ، اوقاف اپنی ذمہ داریاں پوری کررہا ہے:طاہر رضابخاری  

Sep 23, 2024

لاہور (خصوصی نامہ نگار)سیکرٹری اوقا ف ڈاکٹر طاہر رضابخاری نے ڈسٹرکٹ ایمر جنسی ریسپانس کمیٹی راولپنڈی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ڈینگی کے تدارک کیلئے تمام محکمے سرگرم عمل ہیں ۔ اوقاف اپنی ذمہ داریاں پوری کررہا ہے۔ کسی سطح پر بھی کوئی کوتاہی برداشت نہ ہوگی ۔ انسانی جانوں کی حفاظت لازم اور حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق سہولیات اور معاشرتی ضروریات کی فراہمی کیلئے حکومت مستعد ہے ۔ ڈینگی کے حوالے سے محراب و منبر ہر طرح کی آگاہی دینے کیلئے سرگرم عمل ہے ۔ اس ضمن میں جامع حکمت عملی وضع کرلی گئی ۔ ڈینگی سے بچائو کی احتیاطی تدابیر کو گھر گھر پہنچائیں گے ۔ کسی ادارے یا شعبے کو کوتاہی نہیں کرنے دینگے۔ اس سے پوری سوسائٹی پریشان ہوسکتی ہے۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے کہا راولپنڈی میں ڈینگی وبا شدت اختیار کرچکی ہے ، مگر تمام محکمے آن بورڈ اور حالات مکمل کنٹرول میں ہیں ۔ اس موقع پراے  ڈی سی ہیڈ کوارٹر ڈاکٹر زنیرہ آفتاب، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر ارباب خان ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر احسان غنی اورایریا کوارڈنیٹر ڈاکٹر شمائلہ اکبر سمیت کمیٹی ممبران و دیگر اداروں کے ذمہ داران اور افسران بھی موجود تھے ۔

مزیدخبریں