فیروزوالہ(نامہ نگار)وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا پی ٹی آئی الخوارج میں شامل ہوچکی ہے اور قوم نے اس کی حقیقت کو سمجھتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔ وہ وقت دور نہیں جب یہ فتنہ مکمل دفن ہوگا اور ملک ترقی کرے گا۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری رانا احمد عتیق انور، لیگی رہنما رانا طاہر اقبال، رانا ماجد نواز کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مجوزہ آئینی ترامیم عوامی مفاد کا معاملہ ہے جسے سیاست کی بھینٹ نہیں چڑھانا چاہئے۔ آئینی عدالت آج کا نہیں پچیس تیس سالہ پرانا مطالبہ ہے اور ملک کی تمام وکلاء تنظیمیں اور خود پی ٹی آئی بھی اس کا مطالبہ کرتی رہی ہے۔ حکومت آئینی ترامیم پر اعتراض دور کرنے کیلئے تیار مگر بلا جواز مخالفت کی پرواہ نہیں۔ ایک سوال پر رانا تنویر حسین نے کہا علی امین گنڈہ پور کریمینل قماش کا شخص ہے جو کبھی شہد کی بوتل اور کبھی گالم گلوچ جیسی حرکات میں ملوث رہا ہے جسے دیکھتے ہوئے قوم نے انہیں مسترد کرنا شروع کر دیا ہے۔ جس صوبے کا وزیر اعلیٰ خود کلاشنکوف اٹھا کر تشدد پروان چڑھائے وہاں امن کی توقع نہیں کی جا سکتی۔ پی ٹی آئی بیانیہ ملک، قوم، ریاست کیلئے نہیں بلکہ صرف مجرم بانی پی ٹی آئی کو جیل سے نکلوانا ہے۔