لاہور(نیوز رپورٹر) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے سعودی عرب کے یوم الوطنی کے موقع پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور پوری سعودی قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ برادر اسلامی ملک سعودی عرب سے ہمارے دیرینہ اور گہرے تعلقات ہیں جن کی تاریخ بہت پرانی ہے۔ سعودی عرب کے قومی دن پر ہم نیک جذبات کا اظہار کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ سے مملکت سعودی عرب کی خوشحالی، سلامتی اور بہتری کے لیے دعا گو ہیں۔ دریں اثناء پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام جان بچاؤ مہم کا انعقاد کر دیا گیا۔ اس حوالے سے مسلم یوتھ لیگ کے سینکڑوں نوجوانوں نے فاطمید فاؤنڈیشن میں تھیلیسیمیا کے بچوں کیلئے خون کا عطیہ پیش کیا۔ اس موقع پر مرکزی مسلم لیگ لاہور کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، مسلم یوتھ لیگ لاہور کے صدر عمار حنیف، ڈاکٹر عمران، میڈیکل آفیسر ڈاکٹر نمرہ طلعت ، ریسکیو موبلائزیشن آفیسر میڈم زبیدہ شمیم سمیت دیگر رہنماؤں نے تھیلیسیمیا آگاہی سیمینار سے اظہار خیال کیا۔ ڈاکٹر مزمل ہاشمی نے کہا مرکزی مسلم لیگ کے نوجوان تھیلیسیمیا کے بچوں کا درد محسوس کرتے ہوئے اپنا خون پیش کررہے ہیں۔ ہم اپنے نوجوانوں کو ملک کیلئے مثبت سرگرمیوں استعمال کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔
مسلم یوتھ لیگ کے سینکڑوں نوجوانوں کا تھیلیسیمیا کے بچوں کیلئے خون کا عطیہ
Sep 23, 2024