لاہور (خصوصی نامہ نگار) ملکی سا لمیت کیلئے دینی جماعتوں میں مضبوط رابطے کی ضرورت ہے۔ وطن دشمنوں نے ہمیشہ فرقوں اور گروہوں میں تقسیم کرنے کی کوشش کی۔ جماعت اہلحدیث کے وفد کی حافظ عبد الکریم سے ملاقات جماعت اہلحدیث کے وفد نے امیر جماعت اہلحدیث پاکستان مولانا حافظ عبد الغفار روپڑی کی قیادت میں مولانا شکیل الرحمن ناصر، حافظ عبد الوحید شاہد روپڑی، حافظ امجد اقبال گھمن نے گزشتہ روز مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سیکرٹری جنرل حافظ عبد الکریم سے ملاقات کی۔ حافظ عبد الکریم جماعت اہلحدیث کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا دینی اور محب وطن جماعتوں میں مضبوط رابطے کی ضرورت ہے کیونکہ اسلام دشمن قوتیں ہمیں فرقوں اور گروہوں میں تقسیم کر کے اپنے مذموم اور ناپاک عزائم کی تکمیل کی کوشش میں مصروف ہیں ہمیں اپنے اتحاد اور یکجہتی سے اپنے دشمنوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیں گے حافظ عبد الغفار روپڑی نے کہا کہ دعوت دین کا کام کرنیوالی جماعتیں اگر متحد ہو جائیں تو ملک سے فرقہ واریت کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔ ہمیں اس وقت ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے بری طرح کمزور کردیا ہے۔ معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے حکومت اور سیاسی جماعتوں کو انتشار کی سیاست کو چھوڑ کر ملک بچانے کی کوشش کرنی چاہیے۔