لاہور (خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے رابطہ عوام اور ممبر سازی مہم میں بیدیاں روڈ ہیر، گوپال نگر، باغبانپورہ، شالیمار، کلفٹن کالونی، ماڈل ٹاؤن، لِنک روڈ، واپڈا ٹاؤن، باگڑیاں چوک، فیروزپور روڈ اور اِچھرہ میں کیمپوں کا دورہ کیا اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان کی سیاست سیاسی جماعتوں کے غیرمنظم ہونے کی وجہ سے کمزور اور سٹیبلشمنٹ کیلئے ترانوالہ بنی ہوئی ہے۔ سیاست نظریہ، اصول اور کردار کو بیدخل کرکے قیامِ پاکستان کے مقاصد کو بھلادیا گیا ہے۔ ملک قدرتی وسائل، ذرخیز زمین اور انسانی صلاحیتوں سے مالا مال ہے لیکن کرپشن، بدانتظامی اور مفادپرستی نے پورے ملک کو مفلوج اور بیرونی استعماری اداروں کے سامنے ڈھیر کردیا ہے۔ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ ممبر بنیں اور قومی سیاست کو نظریہ اور کردار کی بنیاد پر طاقت ور بنائیں۔ ذوالفقار علی بھٹو، نواز شریف، الطاف حسین اور عمران خان کی پاپولر سیاست اور پاپولریٹی نے ملک کو استحکام کی بجائے زہریلی پولرائزیشن میں مبتلا کردیا۔ صرف پاپولریٹی ملک کو بحرانوں سے نہیں نکال سکتی۔ پوری قوم کو منظم اور نوجوانوں کو مستقبل کی امید دِلانے سے بحران ختم ہونگے۔ سیاست، جمہوریت، پارلیمنٹ، عدلیہ اور آئینی ترامیم کے بحران مفادپرستی اور غیرآئینی اسلوبِ حکمرانی کا شاخسانہ ہے۔
سیاسی نظریہ، کردار کو بیدخل کرکے قیامِ پاکستان کے مقاصد کو بھلادیا :لیاقت بلوچ
Sep 23, 2024