لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یارسول اللہؐ و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام محمود بوٹی لاہور میں’’ میلاد خاتم المعصومینؐ کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ محفل کی صدارت حضرت پیر سید عبد الشکور شاہ رضوی نے کی جبکہ نظامت کے فرائض استاذ القراء محمد صفدر عباس جلالی نے سرانجام دئیے۔ بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا حضرت محمد مصطفیؐاللہ تعالیٰ کی توحید کی سب سے بڑی دلیل ہیں۔ آپؐ نے اللہ تعالیٰ کی توحید پر دلیل مانگنے والوں کے سامنے اپنی زندگی کے اعلان نبوت سے پہلے کے 40 سال پیش کر دئیے۔ 12 ربیع الاول شریف کائنات میں سب سے بڑے انقلاب کے آغاز کا دن ہے۔ سیرت مصطفی ؐوہ چشمہ فیض ہے جس نے ہر کسی کی پیاس بجھا دی۔ روئے زمین کو عدل و انصاف، شرم و حیاء، اور صدق و صفا سے فیض یاب کرنیوالی ہستی کا ’’یومِ میلاد‘‘‘ عید ہی نہیں، عیدوں کی عید کا درجہ رکھتا ہے۔ رسول پاک ؐ ظلم کے خاتمے کا جو نظام لائے، اس میں آج بھی ظلم کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی صلاحیت موجود ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس نظام کو روئے زمین پر نافذ کیا جائے۔ کانفرنس میں علامہ سید اسرار حسین شاہ بخاری، علامہ محمد مظہر اقبال نورانی، صاحبزادہ محمد کعب الاسلام جلالی، علامہ محمد سرفراز حامدی، علامہ محمد غلام مرتضیٰ جلالی، محمد ساجد شفیق جلالی، محمد عظیم بٹ جلالی و دیگر نے شرکت کی۔