پشاور(این این آئی) مشیر اطلاعات خیبر پی کے بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور نے تمام رکاوٹیں عبور کر کے پورے پنجاب اور لاہور گھوم کر اپنا چیلنج پورا کیا۔اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ اٹک پار کرنے کی دھمکی دینے والے جعلی وزراء نے اب بھیگی بلیوں کی طرح چپ سادھ لی ہے، خواجہ آصف لاہور جلسے کا ایک ایک دن گن رہے تھے، خواجہ آصف اور عطا تارڑ اٹک پار کرنے کی دھمکیاں دیتے تھے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپی کے اٹک پار بھی گئے اور پورے لاہور و پنجاب بھی گھومے، حواس باختہ مینڈیٹ چوروں نے گنڈاپور کے پہنچنے سے قبل ہی جلسہ ختم کرایا۔ان کا کہنا تھا کہ جعلی وزراء نے پہلے گنڈاپور کو اٹک کراس کرنے کا چیلنج دیا، جب گنڈاپور نے چیلنج پورا کیا تو نااہلوں نے جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کرکے راستہ روکا، تمام تر رکاوٹوں کے باوجود گنڈاپور جلسہ گاہ پہنچے۔صوبائی مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ کل پورا پاکستان بانی پی ٹی آئی کے لئے نکلا تھا، عمران خان کی رہائی اب کوئی بھی نہیں روک سکتا۔