چین پاکستان تجارتی تعاون میلے نے تعلقات کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا، خلیل ہاشمی 

Sep 23, 2024

 اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے )چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے کہا ہے کہ چین کے شمال مغربی صوبے شانسی کے دارالحکومت شیان میں پاکستان اور چین کے درمیان تعاون میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے حال ہی میں سلک روڈ بین الاقوامی نمائش کے ساتھ مل کر منعقد ہونے والے چین (شانسی) پاکستان اقتصادی اور تجارتی تعاون میلے نے دونوں ممالک کے درمیان پر جوش تعلقات کی اہمیت کو مزید اجاگر کیا ہے اس نمائش میں تقریبا40  پاکستانی کمپنیاں، جن میں سرکاری اور نجی تیل و گیس کے کاروباری ادارے بھی شامل ہیں نے حصہ لیا اور اپنے چینی ہم منصبوں کے ساتھ سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے مواقع تلاش کرنے کے بھرپور عزم کا اعادہ کیا۔ چائنا اکنامک نیٹ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے میلے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دانشت میں پہلی بار صوبہ شانسی میں اتنا بڑی تعداد میں کاروباری اداروں کے وفد نے شرکت کی ہے اور اس اہم شعبے سے متعلق کانفرنس بلائی گئی ہے۔ انہوں نے حالیہ مہینوں میں ہونے والی پیش رفت کو اجاگر کیا جس میں  جون میں ہونے والے  وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کے دورہ کے بعد تیزی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب سے سی پیک گزشتہ سال اپنے دوسرے مرحلے میں داخل ہوا ہے، ہمارے اقتصادی تعلقات میں ایک نئے باب کا اضافہ ہو رہا ہے جس کی توجہ بی ٹو بی تعاون پر مرکوز ہے۔ ہم نے توانائی، کان کنی و معدنیات، لوہے اور اسٹیل، کیمیکلز، کھادوں، ٹیکسٹائل، چمڑے، آئی ٹی اور خدمات کے شعبوںسمیت 13 ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کی ہے۔ اس طرح کی تقریبات کے ذریعے ہمارا مقصد پاکستان میں ان شعبوں میں چینی سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے۔ صوبہ شانسی نے اس سال پاکستان کے ساتھ اپنی تجارت میں قابل ذکر اضافہ دیکھا ہے جنوری اور اگست کے درمیان تجارتی حجم تقریبا دوگنا ہوگیا ہے۔ فوٹو وولٹک (پی وی) ٹیکنالوجی میں صوبے کی مہارت خاص طور پر قابل ذکر ہے، ایک مقامی شمسی توانائی کمپنی اپنے عروج پر پاکستان کی مارکیٹ شیئر کا 40 فیصد تک کنٹرول کرتی ہے۔  سلک روڈ بین الاقوامی نمائش میں پاکستان نے پہلی بار مہمان ملک کی حیثیت سے سب سے بڑے قومی پویلین کی میزبانی کی، جس میں پاکستانی ثقافت، مصنوعات اور سرمایہ کاری کے مواقع کی وسیع رینج کی نمائش کی گئی۔

مزیدخبریں