اسلام آباد (نیٹ نیوز) پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ حکومت دسمبر تک نہیں رہے گی، بہتر ہے شہبازشریف خود ہی استعفیٰ دیدیں۔ جس طرح کا ہم نے جلسہ کیا یہ ساری پارٹیاں ملکر جلسہ کرکے دکھائیںے لاہور جلسے کے دوران جگہ جگہ چھاپے مارے گئے، لاہور کا جلسہ تاریخی جلسہ تھا۔ چیلنج کرتا ہوں میاں صاحب ہمارے جلسے سے آدھا بھی کرکے دکھا دیں۔ عام آدمی مہنگائی، بدامنی سے تنگ آگیا ہے۔ موجودہ اسمبلی میں عوام کے نمائندے نہیں ہیں، ہم اسمبلی میں اپنا اپوزیشن کا رول ادا کر رہے ہیں۔ حکومت ہماری مخصوص نشستیں چھیننے کی کوشش کررہی ہے۔ جعلی حکومت ترمیم لانے جارہی ہے۔ اسمبلی میں بیٹھنے والوں کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ ملک میں بنیادی حقوق معطل ہیں۔ پنجاب حکومت نے جلسہ روکنے کے لئے ہر غیرقانونی حربہ استعمال کیا۔ ہم نے فیصلہ کرلیا ہے ان کا مقابلہ کرنے کے لئے ہر حد تک جائیں گے۔ ہمارے پاس آپشن کم ہو رہے ہیں، ہم جلد سڑکوں پر ہوں گے، ملک چلے گا تو جمہوریت کے مطابق چلے گا۔ اسمبلیوں سے استعفوں سے متعلق ابھی انتظارکرنا ہوگا۔ ہم اپنے اتحادیوں کو بھی اس حوالے سے آن بورڈ لیں گے۔