سرینگر(این این آئی)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ من گھڑت الزامات کے تحت بھارت اور مقبوضہ علاقے کی مختلف جیلوں میں بند تمام حریت رہنمائوں، کارکنوں، نوجوانوں، خواتین اور صحافیوں کو رہا کرے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں حریت رہنمائوں سمیت کشمیری قیادت کی مسلسل نظربندی پر شدید تشویش کا اظہارکیا ۔انہوں نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ اپنی منظورشدہ قراردادوں کے مطابق دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل میں مدد کرے ۔انہوں نے بھارت کی بی جے پی حکومت پر زور دیا کہ وہ تشدد اور طاقت کی پالیسیوں اور سیاسی انتقام سے باز رہے اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرے جس سے خطے میں امن، سیاسی اور معاشی استحکام آئے گا۔انہوں نے بھارتی حکومت پر زور دیاکہ وہ تینوں فریقوں یعنی بھارت، پاکستان اور کشمیری قیادت کے درمیان مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیداکرے۔ترجمان نے کہاکہ تنازعہ کشمیر کا سب سے زیادہ متاثرہ فریق ہونے کے ناطے کشمیری فطری طور پر اس مسئلے کافوری حل چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری تمام تر مظالم کے باوجود حق خود ارادیت کا مطالبہ جاری رکھیں گے۔