لاہور (خصوصی نامہ نگار) متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر انتظام سکھ مذہب کے بانی بابا جی گورو نانک دیو جی کی 485 ویں برسی (جوتی جوت) کی تقریبات گرودوارہ سری دربار صاحب کرتارپور میں بھوگ اکھنڈ پا ٹھ کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئیں۔ گورو نانک دیو جی کے ساتھی بھائی مردانہ کے مجسمہ کی نقاب کشائی اور بابا جی کی کھیتی میں سبزیوں کے بیج اور پھلوں کے پودے لگائے گئے، چھو ہارہ پرشاد کا آ غا ز کر دیا گیا۔ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ سید عطاء الرحمٰن نے صوبائی وزیر اقلیتی امور و پردھان سردار رمیش سنگھ اروڑہ کے ہمراہ گردوارہ دربار صاحب کے "بھائی اجیتا جی بازار " میں نصب گرو نانک دیو جی کے ساتھی بھائی مردانہ کے مجسمہ کی نقاب کشائی کی ، سیکرٹری بورڈ فرید اقبال، پارلیمانی سیکرٹری سونیا عاشر، پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (PMU) مینجمنٹ کے انچارج اور ایڈیشنل سیکرٹری شرائن سیف اللہ کھوکھر سمیت، ممبران PSGPC و پاکستانی اور انڈین سکھ یاتریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ چیئرمین متروکہ وقف املان بورڈ نے کہا کہ بابا گرونانک کے مسلم ساتھی بھائی مردانہ کا مجسمہ نصب کر کے حکومت پکستان نے سکھ مسلم دوستی کی عمدہ مثال قائم کی۔ کرتارپور راہداری دنیا بھر کی سکھ قوم کے لئے بہترین تحفہ ہے۔ چیئرمین بورڈ نے باباجی کی کھیتی کے مجموعی رقبہ سے 3 ایکڑ زمین ’’سینی آرگینک‘‘ طریقہ سے سبزی کی کاشت کاری کا افتتاح کیا۔ پیداوار سے حاصل ہونے والی سبزیاں گوردوارہ صاحب کے لنگر میں استعمال کی جائیں گی۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سکھ محفوظ ہیں۔ حکومت پاکستان کی طرف سے پوری دنیا کی سکھ قوم کے لئے پیار کا پیغام ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بابا گرونانک کی کھیتی کا آغاز کیا تھا جہاں سے پیدا ہونے والی گندم اور دیگر اجناس سے گردوارہ صاحب میں یاتریوں کی سیوا کی جاتی ہے اور لنگر کا انتظام کیا جاتا ہے۔