پاک سعودی دوستی بے مثال‘تائید  وحمایت کو  فراموش نہیں کرسکتے: زبیر احمد ظہیر

لاہور (نوائے وقت رپورٹ)اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کا مخلص اور بے مثال دوست ہے۔ فلسطین اور کشمیر پر سعودی عرب کا مضبوط اور مستقل واضح موقف قابلِ تحسین ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب ہی امت مسلمہ کو تمام بحرانوں اور مشکلات سے نکالنے کیلئے کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ وہ گزشتہ روز اسلامی جمہوری اتحاد پنجاب کی مجلسِ عاملہ کے اجلاس سے جامعہ عمر بن عبدالعزیز گلبرگ میں خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں پروفیسر عدنان فیصل، علامہ فیاض احمد سلفی، میاں محمد اصغر،جمعیت علمائے اہلِ سنت کے سربراہ مولانا ضیا الرحمن فاروقی، جمعیت علمائے احناف کے مرکزی امیر مولانا شعیب الرحمان قاسمی، مولانا عبدالستار نیازی، مولانا حافظ ذوالقرنین عثمانی و دیگر نے شرکت کی۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا   ہم سعودی عرب کے 94ویں نیشنل ڈے پر خادم الحرمین الشریفین ملک سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد امیر محمد بن سلمان پاکستان میں سعودی سفیر السید نواف سعید المالکی اور سعودی عوام کو پوری ملت اسلامیہ پاکستان کی طرف سے مبارکباد پیش کرتے ہیں اور دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ سعودی خاندان اور مملکتِ سعودی عرب کو اسی طرح دینِ اسلام اور اُمت رسول کی بہترین خدمات قیامت تک سرانجام دیتے رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا   ہر مشکل اور آفتمیںدوست ممالک سے بھڑ کر  پاکستان کی مخلصانہ اور فراخدلانہ تائید و حمایت اور امداد سعودی عرب نے کی جس کو پاکستان عوام کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔ 

ای پیپر دی نیشن