حکومت کی مثبت پالیسیوں سے عالمی مالیاتی اداروں کا اعتماد بحال ہوا: عارف سندھیلہ 

شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا ہے کہ سیاسی مقاصد کی تکمیل کی خاطر قومی مفادات کو دائو پر نہ لگایا جائے، پاکستان معاشی استحکام کی منزل کی طرف بڑھ رہا ہے۔ اس راہ میں رکاوٹیں ڈالنا ملک دشمنی کے مترادف ہے۔ پی ٹی آئی کی قیادت ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کر کے ملکی معیشت کو خراب کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے، اسے ہوش کے ناخن لینا ہوں گے، میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں کہا کہ پنجاب میں مریم نواز شریف کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔ عوام کو ہر شعبے میں ریلیف مل رہا ہے، وقت آگیا ہے کہ قوم انتشار کی سیاست کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کرے اور قومی مفادات کے تحفظ کی سیاست کرنے والی موجودہ حکومت کا بھرپور ساتھ دے، حکومت کی مثبت معاشی پالیسیوں کی بدولت مہنگائی میں روز بروز کمی ہو رہی ہے اور عالمی مالیاتی اداروں کا اعتماد بھی بحال ہوا ہے۔ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف ملک کو درپیش مسائل کے حل اور ملک میں ترقی خوشحالی لانے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔

ای پیپر دی نیشن