روس کی یوکرائن پر بمباری، میزائل، ڈرون تباہ کرنے کا دعویٰ

Sep 23, 2024

ماسکو‘ کیف (آئی این  پی+ این این آئی) روس نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے یوکرائن کے 6  نیپچون میزائل تباہ کرنے کا دعوی کیا ہے۔ غیر ملکی  میڈیا کے مطابق روس نے 177  ڈرون، 3 فرانسیسی گائیڈڈ بم، 10امریکی ہائی موبیلیٹی آرٹیلری راکٹ سسٹم تباہ کرنے کا بھی دعوی کیا ہے۔ اس کے علاوہ روس کی جانب سے  چرکاسی کے علاقے میں یوکرائنی فوجی عمارت اور اسلحہ کے گودام پر بھی بمباری کی گئی۔  روس نے یوکرائنی شہر خارکیف کے ایک اپارٹمنٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 12 افراد زخمی ہوگئے۔ خارکیف کے گورنر نے اس حوالے سے دیے گئے اپنے بیان میں کہا کہ روس نے اپارٹمنٹ پر گائیڈڈ بم سے حملہ کیا جس سے عمارت اور لوگوں کو نقصان پہنچا۔ علاوہ ازیں یوکرائن کے وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ بظاہر روس موسمِ سرما سے پہلے یوکرائنی جوہری تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے آئی اے ای اے (بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی) اور یوکرائن کے اتحادیوں پر زور دیا کہ وہ ملک کے جوہری پلانٹس پر مستقل نگرانی مشن قائم کریں۔ وزیر خارجہ اینڈری سائیبیہا نے ایکس پر لکھا کہ "یہ خاص طور پر (جوہری پاور پلانٹس) اور ٹرانسمیشن سب سٹیشنز پر تقسیم کے کھلے آلات کے لیے باعث تشویش ہے جو جوہری توانائی کی محفوظ کارروائی کے لیے اہم ہیں‘‘۔ ماسکو نے اس معاملے پر کوئی فوری تبصرہ نہیں کیا۔

مزیدخبریں