گوجرخان (نامہ نگار)ملک پر مسلط نااہلوں کا ٹولہ اپنی عیاشیاں کم کرنے کی بجائے عوام پر عرصہ حیات تنگ کئے ہوئے ہے بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کے خلاف حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں ہونے والے دھرنے کے دوران طے ہونے مذاکرات پر عملدرآمد کی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے قریب ہے اگر حکومت نے وعدہ خلافی کی تو دمادم مست ہو گا اور حالات کی ذمہ داری موجودہ حکومت پر عائد ہوگی ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی صوبہ پنجاب کے امیر ڈاکٹر طارق سلیم نے گزشتہ روز چوک جی ٹی روڈ پر لگائے گئے جماعت اسلامی کے رکنیت سازی مہم کیمپ کا افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر جماعت اسلامی کے ضلعی رہنما راجہ محمد جواد ۔ راجہ عمیر ۔ زاہد حسین قریشی۔ چوہدری عابد ایڈووکیٹ۔ حبیب احمد ۔ مرزا منیر چوہدری سعید ڈاکٹر عبدہ مرزا طارق و دیگر افراد موجود تھے ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ آئی پی پیز کے نام پر اس خزانے کو چمٹی ہوئی جونکوں سے قوم کو نجات دلانے کے لئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کلمہ حق بلند کر دیا ہے اربوں کھربوں روپے ماہانہ لوٹنے والی ان کمپنیوں سے حساب لیا جائے ۔ کیمپ سے بعد ازاں حافظ نعیم الرحمان نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا اور کارکنوں کو اگلے مرحلے کے ممکنہ احتجاجی تحریک کے لیے تیار رہنے کا کہاہے۔