راولپنڈی( سٹاف رپورٹر )سیکرٹری اوقا ف ڈاکٹر طاہر رضابخاری نے ڈسٹرکٹ ایمر جنسی ریسپانس کمیٹی راولپنڈی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کے تدارک کے لیے تمام محکمے سرگرم عمل ہیں۔ اوقاف اپنی ذمہ داریاں پوری کررہا ہے، کسی سطح پر بھی کوئی کوتاہی برداشت نہ ہوگی۔ انسانی جانوں کی حفاظت لازم اور حفظانِ صحت کے اصولوں کے مطابق سہولیات اور معاشرتی ضروریات کی فراہمی کے لیے حکومت مستعد ہے۔ ڈینگی کے حوالے سے محراب و منبر ہر طرح کی آگاہی دینے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ اس ضمن میں جامع حکمت عملی وضع کرلی گئی۔ ڈینگی سے بچا ئوکی احتیاطی تدابیر گھر گھر پہنچائیں گے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے کہا کہ راولپنڈی میں ڈینگی وبا شدت اختیار کرچکی ہے، مگر تمام محکمے آن بورڈ اور حالات مکمل کنٹرول میں ہیں۔ اس موقع پراے ڈی سی ہیڈ کوارٹر ڈاکٹر زنیرہ آفتاب، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر ارباب خان، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر احسان غنی اورایریا کوارڈنیٹر ڈاکٹر شمائلہ اکبر سمیت کمیٹی ممبران و دیگر اداروں کے ذمہ داران اور افسران بھی موجود تھے۔ سیکرٹری اوقاف نے کمشنر آفس کا بھی وزٹ کیا اور مذکورہ صورتحال پر کمشنر راولپنڈی عامر خٹک سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں اوقاف کے جملہ و سائل ہمہ وقت دستیاب ہیں۔ سیکرٹری اوقاف نے مسجد دربار پیر عبد الغنی میں "ڈینگی ہاٹ سپاٹ "کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے زونل آفس اوقاف راولپنڈی میں ایک اجلاس کی صدارت بھی کی۔
ڈینگی کے تدارک کیلئے تمام محکمے سرگرم ، کوتاہی ناقابل برداشت،سیکرٹری اوقا ف
Sep 23, 2024