صنعتی فضلے کو دریاؤں میں پھینکنے کیخلافسخت قوانین کا نفاذناگزیر ہے، شیری رحمان

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے دریاؤں کے عالمی دن کے حوالے سے پیغام میں کہا کہ دنیا بھر میں دریاؤں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے جس کا مقصد دریاؤں کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور ان کو در پیش چیلینجز کے حوالے سے آگاہی پھیلانا ہے،دریائے سندھ اور دیگر  دریا نہ صرف ہماری زرعی اور میٹھے پانی کی ضروریات کو پورا کرتے ہیں بلکہ صدیوں سے ہماری تہذیب کا حصہ رہے ہیں، تاہم آج ہمارے دریا بے مثال چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں،ماحولیاتی تبدیلی، صنعتی آلودگی، جنگلات کی کٹائی اور غیر مؤثر پانی کے انتظام نے ہمارے دریائی نظام کو بری طرح متاثر کیا ہے،دریاؤں کے کنارے تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادیاں، پانی کے بے دریغ استعمال اور گلیشیئرز کے پگھلنے کے اثرات پہلے سے کمزور دریا پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔یہ چیلنجز نہ صرف ماحولیات بلکہ خوراک، عوامی صحت اور معاشی استحکام کے لیے بھی سنگین خطرات ہیں،ہمارے دریاؤں کی حفاظت کے لیے ضروری ہے کہ ہم فوری اور پائیدار اقدامات اٹھائیں، آلودگی اور صنعتی فضلے کو دریاؤں میں پھینکنے کے خلاف سخت قوانین کا نفاذ انتہائی ضروری ہے،پاکستان کے دریا ہمارے مشترکہ وسائل ہیں اور ان کے پائیدار اور منصفانہ انتظام کے لیے وفاق اور صوبوں میں ہم آہنگی اور تعاون کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن