کوئٹہ پریس کلب کے سامنے ہونے والے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے بی این پی مینگل کے مرکزی جنرل سیکرٹری حبیب جالب ایڈ وکیٹ نے کہا کہ بےگناہ افراد کے خلاف آپریشن کرکے صوبے کے حالات کوخراب کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل امین اللہ کاکڑ نے کہا کہ اغواء، ٹارگٹ کلنگ اور بدامنی میں ملوث ملزمان کو آج تک گرفتار نہیں کیا گیا لیکن بے گناہ لوگوں کے خلاف کریک ڈاون شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طورپر آپریشن بند کردے اور مذاکرات کی میز پرآکر معاملات کو سلجھائے۔ اس موقع پربی این پی خواتین ونگ کی سیکرٹری جمیلہ بلوچ نے کہا کہ آپریشن کے دوران بوڑھی عورتوں، بچوں اور بزرگوں کوبھی نہیں بخشا گیا، اگر پکڑدھکڑ کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو اس کا شدید ردعمل سامنے آئے گا۔