تین رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کابینہ ڈویژن کے سیکرٹری عبدالرؤف چوہدری کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے، دیگرارکان میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری پشاورفیاض طورو اور وائس چیف آف جنرل سٹاف میجرجنرل سجاد غنی شامل ہیں۔ یہ کمیٹی سات روزمیں بے نظیربھٹوکی جائے شہادت کودھوئے جانے سے متعلق تحقیقات مکمل کرکے وزیراعظم کو رپورٹ پیش کرے گی۔ کمیٹی اس امرکا بھی تعین کرے گی کہ کیا بےنظیربھٹو کی شہادت کے بعد اس وقت کے ڈائریکٹرملٹری انٹلی جنس میجرجنرل ندیم اعجازنے پولیس حکام کوجائے شہادت دھونے کا حکم دیا تھا یا نہیں، اوراگرانہوں نے یہ حکم دیا تھا توکس کی ہدایت پردیا تھا۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی کے قیام سے قبل آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی اوراعلیٰ سطح کی عسکری قیادت کوبھی اعتماد میں لیاگیا ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ خود آرمی چیف نے اس واقعہ کی حقیقت معلوم کرنے کے لیے حکومت کو کمیٹی قائم کرنے کی تجویزدی تھی۔