بھوجا ائیر لائنز کے طیاروں کی چیکنگ شروع‘ فضائی آپریشن معطل‘ شاہین اور ائیربلیو بھی چیک ہونگے

Apr 24, 2012

سفیر یاؤ جنگ
کراچی + اسلام آباد (سٹاف رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ + اے پی اے) سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تین نجی ائر لائنز کے جیٹ طیاروں کی چیکنگ شروع کر دی۔ طیاروں کی چیکنگ کا حکم گزشتہ روز وزیر دفاع نے جاری کیا تھا اور نجی ائر لائنز کے فٹنس سرٹیفکیٹ معطل کرکے ان کو دوبارہ سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ سی اے اے کے ذرائع نے نوائے وقت کو بتایا ہے کہ ابتدائی طور پر شاہین ائر اور بھوجا ائر کے ایک ایک طیارے کی جانچ پڑتال شروع کی جارہی ہے اور بھوجا کا فضائی آپریشن معطل کر دیا گیا۔ بھوجا ائر کے 737 طیارے کو گراﺅنڈ کیا گیا ہے اور یومیہ ایک طیارے کی چیکنگ ہو گی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ تمام طیارے پہلے ہی کلیئر شدہ ہیں اب دوبارہ ان کو چیک کیا جا رہا ہے، نجی ائر لائنوں کے ذرائع نے طیاروں کی چیکنگ پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ سول ایوی ایشن کے ترجمان کے مطابق بھوجا کے بعد شاہین اور ائربلیو کے طیاروں کی چیکنگ کی جائے گی جبکہ پی آئی اے کے طیاروں کی ایک سے ڈیڑھ ماہ پہلے چیکنگ کرچکے ہیں۔ دوسری جانب بھوجا ائر لائن کے ایم ڈی ارشد جلیل، ان کی اہلیہ اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے افسران کو تحقیقات میں شامل کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی اے ٹیم نے ارشد جلیل کے بیٹے بھوجا ائرلائن کے ڈائریکٹر عمر جلیل سے پوچھ گچھ کی ہے ان سے ائرلائن آپریٹ اور طیاروں کی خریداری سے متعلق مختلف سوالات پوچھے گئے ہیں۔ اے پی اے کے مطابق حادثے کی تحقیقات کیلئے غیر ملکی ماہرین کی ٹیم آئندہ ہفتے آئے گی، چیکنگ کیلئے بھوجا ائر لائن کی اسلام آباد جانے والی پرواز منسوخ کر دی گئی۔ ترجمان سول ایوی ایشن نے بتایا ایک دن میں ایک طیارے کی جانچ پڑتال کی جائیگی۔ طیارے کو کلیئرنس دینے والے حکام سے رابطہ کیا جائیگا۔ ترجمان سی اے اے کے مطابق سب طیاروں کی مرحلہ وار انسپکشن ہو گی ان کے ہر پرزے اور مشینری کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ جن طیاروں کا معائنہ مکمل ہو جائے گا انہیں اڑنے کی اجازت مل جائے گی۔
مزیدخبریں