مکرمی!سید منور حسن (امیر جماعت اسلامی) نے کہا ہے کہ نواز شریف ہم سے اتحاد کرکے ”امریکہ و عالمی سامراج کو ناراض کرنے کا خطرہ مول نہیں لینا چاہتے“ نوائے وقت۔۔۔حیرت ہے کہ اگر نواز شریف امریکی سامراج کا آدمی ہے تو محترم سید صاحب اس سے اتحاد کیوں چاہتے تھے؟نہیں نہیں نواز شریف ہرگز امریکی سامراج کے آدمی نہیں بلکہ ماضی قریب میں لاہور سے جماعت اسلامی کے قدآور امیدوار حافظ سلیمان بٹ کی عبرت ناک شکست جس میں انکی سکیورٹی بھی ضبط ہوگئی تھی نواز شریف کو یاد اور ذہن میں تازہ ہے۔ جبکہ سید صاحب کا کہنا ہے کہ سب بھول جاﺅ کہ ہمارا سابقہ حشر کیا ہوا تھا اور سب کچھ بھلا کر ہمیں ٹکٹیں بھی دو اور کامیاب بھی کراﺅ اور اگر ایسا کرو تو تم اچھے وگرنہ تم امریکی سامراج کے آدمی۔ سیٹوں کے حصول میں ناکامی پر کسی پر بہتان لگا کر نہ جانے سید صاحب کس اسلام کی خدمت کررہے ہیں اور جس پر بہتان لگاتے ہیں اسی سے اتحاد کی خواہش بھی کررہے تھے۔الیکشن صرف اب ہی تو نہیں ہونے آئندہ بھی تو ہونے ہیں اور سید صاحب کا یہ بیان آئندہ الیکشن میں اتحاد کی بات کرتے ہوئے بوقت ضرورت کام آئیگا۔ امریکی سامراج سے نکالنے کے لئے نواز شریف کے سامنے واحد راستہ یہ ہے کہ سید صاحب کے پاﺅں پکڑ کر اتحاد کر لیں دوسری صورت میں وہ چاہے جتنے بھی محب وطن ہوں سید صاحب کی نظر میں امریکی ہی رہیں گے۔سید صاحب !اگر اسلامی اخلاق یہی ہیں جیسا آپ دکھا رہے ہیں تو جلد لوگ کہیں گے کہ اے پارساﺅ ہم گنہگاروں سے اتحاد کرکے کیوں اپنی پارسائی خراب کرتے ہو۔(جہاں زیب قریشی)