گجرات ( نامہ نگار) ق لیگ کے سینئر رہنما چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ احمد مختار اور مسلم لیگ ن ایک ہیں لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور عوام کی حمایت سے ہم گجرات کے دشمنوں کو شکست دینگے، پنجاب میں اپنی 5 برس حکومت کے دوران 55 سال سے زیادہ کام کیے اب انشاءاللہ موقع ملا تو رہی سہی کسر بھی نکال دیں گے۔ وہ گجرات کے مختلف مقامات پر اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ قومی اسمبلی کی سیٹ پر احمد مختار میرے مقابلہ میں ہیں جبکہ صوبائی اسمبلی کی دونوں سیٹوں پر مسلم لیگ ن کی حمایت کی جا رہی ہے، میں اہل گجرات کو گجرات سیالکوٹ- لاہور موٹروے بنا کر دوں گا جس پر دو یونیورسٹیاں اور انڈسٹریل اسٹیٹ بھی بنائی جائیگی، آپ باہمی ناراضیاں چھوڑ کر گجرات کی عزت و وقار کیلئے میرا ساتھ دیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ میری خواہش ایسے کام کرنا ہے جن سے عام اور غریب آدمی کو فائدہ پہنچے۔ پی پی 110 میں مونس الٰہی کے مقابلہ میں دستبردار ہو کر ق لیگ میں شامل ہونیوالے مسلم لیگ ن کے امیدوار پیر سید وقار گیلانی نے جھیرانوالی کے انتخابی جلسہ میں خطاب میں کہا کہ ہمارے علاقے کیلئے چودھری پرویزالٰہی سے موزوں شخصیت اور کوئی نہیں اس لیے ہماری پوری برادری نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ ہم چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی کو اپنے علاقہ سے واضح برتری دلائیں گے۔ اس موقع پر پیر منظور گیلانی، پیر الطاف گیلانی، پیر توقیر گیلانی، محمد ولایت، نثار احمد، چودھری طاہر اور حاجی اعظم نے بھی چودھری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔