11 مئی ہماری فتح کا دن ہے، لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل کرینگے: رہنما مسلم لیگ ن

Apr 24, 2013

لاہور (سیف اللہ سپرا) مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے کیونکہ عوام جان چکے ہیں کہ نوازشریف اور شہبازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن ہی ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرسکتی ہے۔ 11 مئی مسلم لیگ ن کی فتح کا دن ہوگا، مسلم لیگ (ن) وعدے نہیں عمل پر یقین رکھتی ہے، پچھلے پانچ برس میں پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت تھی اس صوبے میں ترقیاتی کام دوسرے صوبوں کی نسبت زیادہ ہوئے۔ اگر عوام نے اعتماد کا اظہار کیا تو پنجاب کی طرح پورے ملک میں ترقیاتی کام کروائیں گے۔ خصوصاً بجلی کی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 126 سے امیدوار خواجہ محمد حسان، صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 151 سے امیدوار سید توصیف شاہ اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ 152 سے امیدوار خواجہ سلمان رفیق نے ایوان وقت میں گفتگو کے دوران کیا۔ احمد حسان نے کہا کہ مضبوط جمہوریت کے لئے شفاف انتخابات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ساری قوتیں اس بات پر متفق ہی کہ انتخابات 11 مئی کو ہوں تاہم مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت چند طاقتوں اور پارٹیوں کے لئے تکلیف دہ ضرور ہے اور ان کی شاید یہ کوشش ہو کہ کسی بہانے سے انتخابات کو آگے لے ج ائیں۔ آئندہ انتخابات میں مرکز سمیت چاروں صوبوں میں مسلم لیگ (ن) بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ اس وقت صرف نوازشریف کی شخصیت ہی ایسی ہے جو ملک کو موجودہ بحران سے نکال سکتی ہے۔میٹروبس منصوبہ، لیپ ٹاپ سکیم، اجالا پروگرام، آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم، سڑکوں و انڈر پاسز کی تعمیر مسلم لیگ ن کے کارنامے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور مسلم لیگ ن کا قلعہ تھا، ہے اور رہے گا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ میرا حلقہ گلبرگ، گارڈن ٹاﺅن اور ماڈل ٹاﺅن پر مشتمل ہے۔ ان علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی، سیوریج سسٹم کی بہتری، قبرستانوں کی تعمیر کے علاوہ تعلیم اور صحت کے حوالے سے اصلاحات کی ضرورت ہے۔ ان انتخابات میں مسلم لیگ (ن) نے آزمودہ امیدوار کھڑے کئے ہیں لہٰذا کھلاڑی اور اناڑی ان کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔ عوام باشعور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ 11 مئی کو شفاف انتخابات کرائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو چاہئے کہ مسلم لیگ (ن) کو بھاری اکثریت سے کامیابی دلوائیں تاکہ ملک کو بجلی کی لوڈشیڈنگ سمیت تمام بحرانوں سے نکالا جا سکے۔ سید توصیف شاہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) صحیح معنوں میں ایک عوامی پارٹی ہے اس لئے اس نے کارکنوں کو ٹکٹیں دیں۔ میں مڈل کلاس سے تعلق رکھتا ہوں اور میرا مقابلہ ایک سرمایہ دار سے ہے امید ہے کہ عوام مجھے ووٹ دیں گے۔

مزیدخبریں