ڈیرہ غازی خان (بیورو رپورٹ) ڈیرہ غازی خان کے بینائی سے محروم نوجوان شہزاد احمد نے ایم فل سپیشل ایجوکیشن کے نصاب کو بولتی شکل ٹاکنگ فارمیٹ میں منتقل کر دیا۔ بصارت سے محروم افراد اس سافٹ ویئر سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ شہزاد احمد خان حال ہی میں پبلک سروس کمیشن کے ذریعے سینئر ایجوکیشن ٹیچر منتخب ہوئے اور خود علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ایم فل کے بھی طالب علم ہیں۔ انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ انہوں نے ایم فل کے سلیبس کے 13 ہزار صفحات سکین کر کے انہیں بولتی شکل میں منتقل کیا جس کے بعد اس کورس کو پہلے USB Jawz اور پھر سافٹ ویئر میں منتقل کر دیا۔ اس سافٹ ویئر کی نہ صرف پاکستان بھر میں بلکہ غیرممالک کی یونیورسٹیوں میں بھی بہت زیادہ اہمیت ہے مگر یہ امر انتہائی افسوسناک اور حوصلہ شکن ہے کہ شہزاد احمد خان کا نہ تو علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے اعتراف کیا اور نہ ہی اسے کوئی ایوارڈ/ سرٹیفکیٹ مل سکا۔ شہزاد احمد نے دعویٰ کیا کہ مذکورہ ڈیٹا کسی بھی یونیورسٹی یا طالب علم کے پاس نہیں ہے۔