کراچی (این این آئی) ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں شمولیت کے بعد جن محکموں کے قلمدان ملے ہیں وہ سابقہ دور حکومت میں بھی ان کے پاس تھے۔ عبدالرئوف صدیقی نے وزیر صنعت و تجارت کا چارج سنبھال لیا۔ پیپلزپارٹی نے ایم کیو ایم کے ساتھ اتحاد کے لئے کسی وزارت کی قربانی نہیں دی۔ ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر صغیر احمد کو صحت کی وزارت دی گئی ہے جو پہلے وزیراعلیٰ سندھ کے پاس تھی جبکہ صنعت اور تجارت کا اضافی چارج شرجیل میمن سے لے کر عبدالرئوف صدیقی کو دے دیا گیا۔ ایم کیو ایم کے مشیران عادل صدیقی کو بین الصوبائی رابطہ اور عبدالحسیب کو اوقاف ومذہبی امور کا قلمدان دیئے جانے کا امکان ہے، فیصل سبزواری امور نوجوانان کیلئے وزیراعلیٰ کے خصوصی معاون بنا دیئے گئے ہیں۔