لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے انجام سے خوفزدہ بزدل حکمرانوں نے ہمارے کارکنوں کے خلاف انتقامی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ سینکڑوں کارکنوں کو دہشتگردی کی دفعات کے تحت درج جھوٹے مقدمات میں روزانہ کی بنیاد پر ٹرائل کیا جارہا ہے۔ پولیس نے کارکنوں کے گھروں میں چھاپے مارے ان پر وحشیانہ تشدد کیا۔ ان کا کروڑوں کا سامان لوٹا اور پھر کارکنوں پر ہی دہشت گردی کے مقدمات قائم کر دئیے یہ سب کچھ پنجاب کے قاتل اعلیٰ کی ہدایت پر ہوا اور ابھی تک انتقامی کارروائیاں جاری ہیں، قاتل سن لیں انصاف اور قصاص کیلئے ہر حد تک جائیں گے۔ سب کچھ معاف کر دوں گا لیکن کارکنوں سے ہونے والی زیادتیاں معاف نہیں کرونگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عوامی تحریک لائرز ونگ کے رہنمائوں سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وکلاء نے سانحہ ماڈل ٹائون ، جے آئی ٹی کی تحقیقات اور جوڈیشل کمشن کے حوالے سے آگاہ کیا۔ طاہر القادری نے کہا جے آئی ٹی کا سربراہ ہمارے کارکنوں کو نوٹس بھیجنے کی بجائے معافی نامہ بھیجے اور غیر قانونی ٹیم کی سربراہی چھوڑ دے۔ جس جے آئی ٹی میں قاتل پولیس کے نمائندے بیٹھے ہوئے ہیں اور جو قاتل اعلیٰ کے احکامات پر بنی اس سے ہمیں انصاف کیسے مل سکتا ہے؟ میرا کارکنوں سے وعدہ ہے ان کے خون کے ہر قطرے کا حساب لونگا اور قاتلوں کو پھانسی کے پھندے تک پہنچا کر دم لوں گا میں پنجاب کے غیر قانونی، غیر جمہوری اور دھاندلی کی پیداوار حکمرانوں کو خبردار کر رہا ہوں وہ طاقت کے نشے میں فرعونیت کا مظاہرہ مت کریں۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ ن ایک دہشت پسند جماعت ہے، قومی ایکشن پلان کے تحت سب سے پہلے اس پر پابندی لگنی چاہیے اس جماعت کے لیڈروں کے ہاتھ بے گناہوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، ان پر دہشت گردی کے مقدمات درج ہیں۔ پنجاب میں عدل اور انصاف کا قتل عام ہورہا ہے اور سب ادارے خاموش ہیں۔ حکمران شرافت کی زبان کو سمجھنے کی کوشش کریں اور ہمارے کارکنوں کے ساتھ زیادتیاں بند کر دیں۔
بزدل حکمرانوں نے انتقامی کارروائیاں تیز کر دیں، خون معاف نہیں کرونگا: طاہر القادری
Apr 24, 2015