مقبوضہ کشمیر: حریت رہنما مسرت عالم پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو‘ کوٹ بلوال جیل منتقل

سرینگر(آن لائن+کے پی آئی)مقبوضہ کشمیر میں قابض انتظامیہ نے سینئر حریت رہنما مسرت عالم بٹ پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر دیا ہے۔ مسرت عالم بٹ کو 15اپریل کو سرینگر میں ایک عوامی اجتماع کے دوران پاکستان کے حق میںنعرے بازی اور سبز ہلالی پرچم بلند کرنے کی پاداش میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔ مسرت عالم بٹ کو پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کیے جانے کے بعدبڈگام تھانے سے رات کے وقت کوٹ بھلوال جیل جموں منتقل کیا گیا۔دوسری جانب  بڈگام عدالت نے مسرت عالم اور دیگر حریت رہنمائوںکے خلاف دائر بغاوت کے مقدمے  میں دائردرخواست ضمانت پر اپنا فیصلہ کل ہفتہ تک محفوظ کرلیاہے جبکہ اس بارے میں استغاثہ اور دفاع کے درمیان جرح مکمل ہوگئی ہے ۔دریں اثنا مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی حکومت کی نئی بھرتی پالیسی کیخلاف  شدید احتجاج  شروع ہوگیا،احتجاج کے شرکانے پالیسی کو فی الفور واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔عوامی اتحاد پارٹی نے ریاستی سرکار کی نئی بھرتی پالیسی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی اوراس پالیسی کو فی الفور واپس لینے کا مطالبہ کیا ۔ ادھر پولیس فائرنگ سے طالب علم کی شہادت کے خلاف 5روزہ ہڑتال اور احتجاجی مظاہروں کے بعد جمعرات کو  نارہ بل اور اسکے مضافاتی علاقوں میں معمول کی زندگی بحال ہوگئی۔اس دوران پولیس نے علاقے کے ان سبھی نوجوانوں کو رہا کردیا ہے جنہیں احتجاج کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔ہڑتال کے بعد دکانیں اور کاروباری مراکز کے ساتھ ساتھ سکول اور سرکاری و غیر سرکاری دفاتر میں معمول میں سرگرمیاں شروع ہوگئیں۔ چیئرمین کل جماعتی حریت  کانفرنس(گ) چیئرمین سید علی گیلانی نے مصر کے معزول صدر محمد مرسی کو 20سال قید کی سزا سنائے جانے کو ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جمہوریت کا گلا گھونٹنے کے مترادف فیصلہ ہے اور اس کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ہے۔گیلانی نے کہا کہ مصر کی حکومت کو اسلام پسندوں کے خلاف اس مہم جوئی میں براہِ راست امریکہ اور اسرائیل کی حمایت حاصل ہے اور او آئی سی میں شامل مسلم ممالک کی اس صورتحال پر خاموشی انتہائی افسوسناک اور حیران کن ہے۔ لبریشن فر نٹ چیئر مین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ کشمیر کے غیور لوگ  بھارتی و مقبوضہ کشمیر کے حکمرانوں کے منفی عزائم کو کسی بھی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور کشمیریوں کے مفادات کو زک پہنچانے والے  ہر قدم کے خلاف بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔ فریڈم پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ نے ایک اعلی سطحی وفد کے ساتھ ترال جاکر خالدمظفر کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمران کشمیریوں کی نسل کشی کے منصوبے پر کام کررہے ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس(گ)نے بھارت کے الیکٹرانک میڈیا کو  مقبوضہ کشمیر میں جاری فوجی آپریشن کا ایک حصہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہلی بیسڈ نیوز چینلز کشمیریوں کی جائز جدوجہد کو بدنام کرنے کے لیے منفی پروپیگنڈہ مہم چلارہے ہیں اور وہ بھارتی عوام کو جموںو کشمیر سے متعلق غلط تصویر دکھاتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن