بنگلہ دیش سےون ڈے سیریز میں وائٹ واش کے بعد پاکستان واحد ٹی ٹونٹی میچ بھی ہار گیا

قومی کرکٹ ٹیم نے ناکامیوں کی داستان رقم کر دی،بنگلہ دیش نے ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کے بعد واحد ٹی ٹونٹی میچ بھی جیت لیا۔۔ ٹی ٹونٹی کپتان شاہد آفریدی بھی کوئی معجزہ نہ دکھا سکے،اس میچ میں بھی بلے باز ناکام رہے اور بنگال ٹائیگرز کو جیت کے لیے ایک سو بیالیس رنز کا ہدف دیا جو انہوں نے شکیب الحسن اور صابر کی نصف سنچریوں کی بدولت صرف تین وکٹ پر حاصل کر لیا۔

بنگلا دیش کے شہر میرپورکے شیربنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 141 رنز بنائے جس کے جواب میں بنگلادیش نے ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔ اوپننگ بلے باز تمیم اقبال نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا اور محمد حفیظ کے پہلے ہی اوور میں ایک چھکے اور 2 چوکوں سے بیٹنگ کی ابتدا کی لیکن اوور کی پانچویں گیند پر سومیا سرکار غلط رنز لیتے ہوئے رن آؤٹ ہوگئے۔ تیسرے اوور میں عمرگل نے 17 کے مجموعے پر تمیم اقبال کی بیٹنگ کا خاتمہ کیا جو 14 رنز ہی بنا سکے جب کہ وکٹ کیپر بلے باز مشفق الرحیم 38 کے مجموعی اسکور پر 19 رنز بناکر وہاب ریاض کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔ وکٹیں گرنے کے باوجود بنگال بیٹنگ لائن کا جارحانہ انداز ماند نہ پڑا اور چوتھی وکٹ پر شکیب الحسن اور شبیرالرحمان نے بولروں کی خوب پٹائی کی اور جیت اپنی جھولی میں ڈال دی۔ صابرالرحمان 51 اور شکیب الحسن 57 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہےجب کہ  پاکستان کی جانب سے عمرگل اوروہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپننگ بلے باز احمد شہزاد اور مختار احمد نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی وکٹ پر 50 رنز کی شراکت قائم کی۔ احمد شہزاد 31 گیندوں پر 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ مختار احمد 37، شاہد آفریدی 12، محمد حفیظ 26 اور سہیل تنویر 8 رنز بناسکے جب کہ حارث سہیل 30 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

بنگلادیش کی جانب سے متوازی بولنگ کا مظاہرہ کیا گیا اور مصطفز الرحمان نے 2 جب کہ عرفات سنی اور تسکین احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ای پیپر دی نیشن