اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر+ اے پی پی) پہلی قائداعظم بین الصوبائی یوتھ گیمز 2016ء کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں۔ ہماری کامیابیوں کو گہن لگتا گیا، اسکی بنیادی وجہ میرٹ کی پامالی اور ترجیحات کے درست تعین سے گریز تھا۔ صدر نے کہا کہ اگر درست حکمت عملی کے تحت کھیلوں کے فروغ کی کوشش کی جائے تو ہم کھیل کے میدانوں میں میں اپنا کھویا ہوا مقام بھی دوبارہ حاصل کرلیں گے اور جب تک ہمارے بچے اور نوجوان کھیل کے میدانوں میں اپنا زور بازو آزماتے رہیں گے کوئی دہشت گرد تخریب کار اور پاکستان کا کوئی دشمن اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں میں کھیلوں پر بھرپور توجہ کی ضرورت ہے تاکہ بچے اوائل عمری میں ہی اپنی پسند کی کھیلوں میں مہارت پیدا کرسکیں۔ اے پی پی کے مطابق صدر ممنون نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے پرعزم ہے اور اسے دیگر صوبوں کے برابر لانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی سے بات چیت کے دوران کیا جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔