بعض سیاسی عناصر محض ذاتی مفادات کی خاطر انتشار چاہتے ہیں : شہباز شریف

لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ شہبازشریف سے برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور‘ دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان بہترین دوستانہ اور تجارتی تعلقات قائم ہیں۔ برطانیہ کا تعلیم‘صحت‘ سکل ڈویلپمنٹ اور دیگر شعبوں میں تعاون لائق تحسین ہے۔ تعلیم ایک ایسا ہتھیار ہے جس کے ذریعے انتہاپسندی اور دہشت گردی جیسے رجحانات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت شعبہ تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور تعلیم کے فروغ کیلئے دور رس اقدامات کئے گئے ہیں۔ حکومت نے شفافیت‘ میرٹ اور ترقیاتی منصوبوں کی معیاری تکمیل کے کلچر کو فروغ دیا ہے۔ قومی وسائل عوام کی امانت ہیں اور حکومت وسائل کی ایک ایک پائی دیانتداری سے عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کر رہی ہے۔ دہشت گردی و انتہاپسندی کے خاتمے اور توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اور 2013ء کے مقابلے میں آج کا پاکستان پرامن‘ محفوظ‘ ترقی یافتہ اور معاشی طورپر مستحکم ہے۔ ایم این اے غلام بی بی بھروانہ سے گفتگو میں شہبازشریف نے کہا ہے کہ سیاست عوام کی بے لوث خدمت کا نام ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت سیاست کو عبادت سمجھتی ہے۔ ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے اور رہیگا۔ موجودہ حکومت کی شفافیت کا عتراف برلن سے جاری ہونیوالی ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں بھی کیا گیاہے۔ بعض سیاسی عناصر محض ذاتی مفادات کی خاطر انتشار کی سیاست کرنا چاہتے ہیں اور ترقی کے سفر میں رکاوٹ ڈالنے کے درپے ہیں۔ ملک میں سیاسی استحکام ترقی و خوشحالی کیلئے ضروری ہے۔ پاکستان کے باشعور عوام اب ترقی و خوشحالی کے سفر میں کسی کو رخنہ نہیں ڈالنے دیں گے۔ وزیرمملکت برائے تعلیم بلیغ الرحمن نے بھی وزیراعلیٰ سے ملاقات کی۔ شہبازشریف نے کہا کہ صوبے میں معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے انقلابی اقدامات کئے گئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن