جمےکا (سپورٹس ڈےسک )پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ٹیسٹ کرکٹ کے ریکارڈ ساز بلے باز یونس خان نے ریٹائرمنٹ واپس لینے کی خبروں کی سختی سے تردید کردی۔یونس خان نے ٹویٹر پر جاری ویڈیو پیغام میں ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کی خواہش کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ’میری ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کو لے کر بہت کچھ کہا جارہا ہے کہ شاید یونس خان نے یہ خواہش ظاہر کی ہے کہ وہ آگے بھی ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں، اس میں کوئی صداقت نہیں ہے’۔مایہ ناز بلے باز کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان اپنی خواہش، اپنی سوچ اور منصوبے کے تحت کیا’۔غیرملکی ویب سائٹ کو دیے گئے انٹرویو کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 'مجھ سے کیا سوال ہوا، میں نے کیا جواب دیا اور آپ کے سامنے اس کا کےا آیا اس کی تفصیلات میں نہیں جاوں گا'۔۔پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز اور سنچریاں بنانے والے اسٹار بلے باز کا کہنا تھا کہ 'یونس خان اگر ویسٹ انڈیز کے خلاف ہر میچ کی ہر اننگز میں بھی سنچری کرے تب بھی انشااللہ یونس خان پھر بھی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہیں اور اگر ایسی کوئی بات میری ذہن میں ہوتی بھی تو میں پاکستانی ہی تو ہوں، پاکستان ٹیم کے لیے تو کھیلتا تو ہوں اس کو لے کراتنا بڑا تنازع کیوں کھڑا کیا جائے'۔ان کا کہنا تھا کہ ‘خدارا یونس خان کی کریڈیبلٹی پر شک نہ کریں پاکستان ٹیم کی حمایت کریں اور یونس خان کے لیے دعا کریں کہ ہم کافی عرصےبعد ویسٹ انڈیز میں کوئی ٹیسٹ سیریز جیتیں۔
یاد رہے کہ یونس خان نے ویسٹ انڈیز روانگی سے قبل ہی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا جبکہ انھیں اس سیریز میں ٹیسٹ کیریئر کے 10 ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے صرف 33 رنز درکار ہیں۔