لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے اور اوڑھنا بچھونا عوام کی خدمت ہے۔ وزیراعظم کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اپنے منشور کے مطابق عوامی خدمت کا ایجنڈا کامیابی سے آگے بڑھایا ہے۔مسلم لیگ (ن) نے 2013ء کے انتخابات میں عوام کے دیئے مینڈیٹ کی لاج رکھی ہے اور عوام سے کئے ہر وعدے کی تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ رواں سال وعدوں کی تکمیل کا سال ہے۔ جاری توانائی منصوبوں کی تکمیل سے اس سال کے آخر تک ملک سے ہمیشہ کیلئے اندھیرے چھٹ جائیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں بے لوث عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے گی اورمحمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان دنیا کا عظیم ترین ملک بنے گا‘ باشعور عوام ترقی و خوشحالی کی مخالفت کی سیاست کرنے والوں کا 2018ء کے عام انتخابات میں محاسبہ کریں گے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ(ن) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا سابق حکمرانوں نے قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا اور غریب قوم کا حق چھینا‘ قوم کو اندھیروں میں دھکیلنے کے مجرم بھی سابق حکمران ہی ہیں‘ غریب قوم کی خون پسینے کی کمائی پر ہاتھ صاف کرنے والے خائنوں کے کڑے احتساب کا وقت آگیا ہے اورقومی دولت لوٹنے والے خائنوں کا بے رحم احتساب ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا نصب العین صرف اور صرف عوام کی بے لوث خدمت ہے۔ پاکستان میں الزام تراشی کی نہیں بلکہ صرف خدمت کی سیاست ہو گی‘ مفاد عامہ کے منصوبوں پر بلاجواز تنقید کرنے والے عوام کی خوشیوں کے قاتل ہیں۔ انہوں نے کہا فلاح عامہ کے منصوبوں میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کو غریبوںکی محرومیوں کا خاتمہ گوارا نہیں‘ قومی وسائل کی لوٹ مار کرنے والوں کے کڑے احتساب سے ہی الزامات کی سیاست ختم ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی وسائل لوٹنے والے پارسائی کے دعوے کریں اور کرپشن کے خاتمے پر لیکچر دیں، یہ قابل افسوس ہے‘ اربوں روپے کے قرضے معاف کرانیوالوں نے بھی غریب قوم کا خون چوسا ہے‘ قرض معاف کرانے والوں کو بھی کٹہرے میں لانا ہوگا‘ باشعور عوام لوٹ مار کر کے قوم کو کنگال اوردھرنے دے کر معیشت کا دھڑن تختہ کرنے والوں کوہر موقع پر مسترد کرچکے ہیں‘ دور آمریت کے حکمرانوںنے قومی وسائل کی لوٹ مار اور اپنی سیاہ کاریوں میںکوئی کسر نہ چھوڑی۔ ٹھیکہ اپنی من پسند کمپنی کو بغیر ٹینڈرنگ دے کر بد ترین ڈاکہ زنی کی۔ انہوں نے کہا ان حکمرانوں نے ترقیاتی منصوبوں کے نام پر زمینوں کا کاروبار کیا اور پنجاب بنک پر اربوں روپے کا ڈاکہ ڈال۔ ان لٹیروں نے قومی وسائل پر بدترین ڈاکہ زنی کر کے امیر قوم کو غریب کر دیا ہے۔ مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات اورشعبہ صحت میں جاری اصلاحاتی پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا عوام کو معیاری اور جدید طبی سہولتوں کی فراہمی کا مشن ہر قیمت پر پورا کریں گے‘ ہمیں دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنے کے لئے تیز رفتاری سے آگے بڑھنا ہے ‘ عام آدمی کو بہتر علاج معالجہ کی فراہمی کیلئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں۔ وزیر اعظم نیشنل ہیلتھ انشورنس پروگرام صوبے کے چار اضلاع میں کامیابی سے جاری ہے اوراس پروگرام کا دائرہ صوبے کے تمام اضلاع تک بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا پنجاب حکومت نے ادویات کی خریداری ،ترسیل اور تقسیم کا جدید نظام متعارف کرایا ہے اور اس نئے نظام سے ادویات کی خوردبرد اور جعلی و غیر معیاری ادویات کے دھندے کاخاتمہ ہو گا۔ انہوں نے کہا ادویات کے نمونے تجزئیے کے لئے غیر ملکی لیبز میں بھجوائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا تمام اضلاع میں سی ٹی سکین مشینوں کی فراہمی کے پروگرام پر عمل پیرا ہیں۔ وزیراعلیٰ نے تمام سرکاری ہسپتالوں میں نصب ڈائلسز مشینوں کا آڈٹ کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہسپتالوں میں نیفرالوجسٹ کی کمی دور کرنے کے لئے تیزی سے اقدامات کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی مزید موبائل ہیلتھ یونٹس کی خریداری کا عمل تیز ی سے مکمل کیا جائے۔ بلڈ بنک، خون کے حصول اور انتقال خون کے امور کے حوالے سے جامع پلان پیش کیا جائے۔ انہوںنے کہا صوبے کے 9 ڈویژن میں موٹر بائیکس ایمبولینس سروس کاجلد اجراء کیا جا رہا ہے ۔ پنجاب حکومت نے ہسپتالوں کی ایمبولینس سروس کا انتظام محکمہ صحت سے ریسکیو 1122 کے حوالے کر دیا ہے - ایمبولینس سروس کے نئے نظام سے مریضوں کو بروقت ہسپتال پہنچانے کے حوالے سے بے پناہ بہتری آئے گی‘ غریب مریضوں کا استحصال کرنے والے مافیا کا قلع قمع ہو گا۔ شہباز شریف سے چائنہ ریلوے، نورینکو کے اورنج لائن میٹروٹرین منصوبے کے پراجیکٹ مینجر ذوپین فائی نے ملاقات کی اور لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کے سول ورکس پر ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور منصوبے کے سول ورکس پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ چائنہ ریلوے، نورینکو کے اورنج لائن میٹروٹرین منصوبے کے پراجیکٹ مینجر ذوپین فائی نے پراجیکٹ کے سول ورکس کے اعلی معیار کی تعریف کرتے ہوئے کہا شہبازشریف کی قیادت میں میٹرو ٹرین کے منصوبے پر بہترین انداز میں اعلیٰ معیارسے کام ہو رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ پاک چین دوستی ، محبت اورخلوص کا غیر معمولی تحفہ ہے۔ شہبازشریف نے فیروزوالا میں زیرتعمیر مکان میں کام کے دوران کرنٹ لگنے کے باعث تین مزدوروں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ زخمی مزدوروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔