کوئٹہ‘ مہمند ایجنسی(نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان کے ضلع تربت میں ایف سی قافلے پر دہشت گردوں کی فائرنگ اور دھماکے سے چار اہلکاروں سمیت 5 افراد شہید اور تین زخمی ہو گئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق فائرنگ کے بعد گاڑی کے قریب دھماکہ ہوا جس سے گاڑی تباہ ہو گئی۔ تین ایف سی اہلکار زخمی ہوئے جن کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ قبل ازیں کوئٹہ میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پرایف سی اہلکار کی فائرنگ سے 2فوجی جوانوںسمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق جوائنٹ روڈ پر ناکہ پر موجود ایف سی اہلکاروں نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر دو موٹر سائیکل سوار افراد کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر وہ نہ رکے۔ سکیورٹی اہلکارنے انہیں زبردستی روکا جس پر ان کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ اس دوران ایک ایف سی اہلکار نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں فوجی جوان حوالدار افضل، سپاہی شفقت، راہگیر عبدالاحمد، اور محبوب زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لئے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ ادھر مہمند ایجنسی میں ایف سی کی گاڑی گشت کے دوران بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے نتیجے میں ایک ایف سی اہلکار شہید جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ ماموں کانجن سے نامہ نگار کے مطابق حساس اداروں کی کارروائی میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کو گرفتار کرکے نامعلوم جگہ پر منتقل کردیا گیا۔
بارودی دھماکہ