کراچی (نوائے وقت نیوز) بجلی کی لوڈشیڈنگ کیخلاف سندھ کے مختلف علاقوں میں پیپلزپارٹی کے کارکن سڑکوں پر نکل آئے اور دھرنے دیئے۔ جیالوں نے وفاقی حکومت کیخلاف نعرے بازی بھی کی۔ کندھ کوٹ میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کیخلافپیپلز پارٹی نے گھنٹہ گھر چوک پر احتجاج کیا۔ نوشہرو فیروز میں بھی لوڈشیڈنگ کے خلاف کارکنوں نے پریس کلب کے باہر دھرنا دیا۔ ٹنڈو محمد خان میں کارکنوں نے شدید احتجاج کیا۔ حیدر آباد بدین روڈ بلاک کر دی ، جس سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ لاڑکانہ میں پیپلز پارٹی کی جانب سے باغ جناح چوک پر دوران دھرنا لیگی کارکنان کی ریلی بھی آگئی۔ وزیر اعظم کے حق میں نعروں کے دوران دونوں جماعتوں کے کارکنان آمنے سامنے آگئے۔ اس دوران پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جس نے کارکنوں کو لڑائی سے روک دیا۔ ٹھٹھہ میں بھی لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاج عروج پر رہا۔ گھوٹکی میں پیپلز پارٹی نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف بھٹائی چوک پر احتجاج کیا۔ خیرپور میں پیپلز پارٹی کارکنوں نے گو نواز گو ریلی کے دوران مال روڈ پر دھرنا دیا۔ دھرنے میں بڑی تعداد میں خواتین بھی شریک ہوئیں۔ کارکنوں نے ریلی میں گو نواز گو اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ بند کرو کے پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے۔ سکھر روہڑی قومی شاہراہ پر احتجاجی دھرنے کے باعث کراچی اور لاہور کے درمیان ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ بدین‘ تھرپارکر‘ خیرپور‘ ٹنڈو الٰہ یار اور گھوٹکی میں بھی پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے احتجاج کیا اور دھرنے دیئے۔ مشیراطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ میاں صاحب آپ سے پیار کرتا ہوں،آپ کی عزت کرتا ہوں مستعفی ہوجائیں، وزیراعظم صاحب آپ کا اخلاقی جواز ختم ہوگیا۔ حیدرآباد میں دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مولابخش چانڈیو نے کہا پہلی بار ایسا ہواکہ اعلیٰ ترین عدالت کے دو ججوں نے کہا وزیراعظم نااہل ہیں، اب نااہلی کیلئے مزید کیا چاہیے لیکن آپ مسلم لیگ (ن) کے ہیں وزیراعظم ہیں آپ کو کچھ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کچھ وزیرآپ نے چھوڑے ہوئے ہیں،سمجھ نہیں آتی ایان علی سے ان کی کیا رشتہ داری ہے۔ ایان علی کا نام لیتے ہی انکا ایمان جوش میں آجاتا ہے۔ وزیراعظم صادق اور امین نہیں رہے۔ عہدہ چھوڑ دیں،آپ کے بہت سے رشتے دار وزیر ہیں۔ انہوں نے کہا جھوٹا متعصب وزیر نوازشریف کا دشمن ہے۔ شرم کی بات ہے آپ نے کہا حکومت بچ گئی۔ انہوں نے چور سرکار کو ایک دھکا اور دو۔ ہر آمر کا ہتھیار مسلم لیگ ہے‘ سب نے مسلم لیگ کو استعمال کیا۔ عابد شیر علی نے وزیراعظم کو عزیر بلوچ اور ذوالفقار مرزا سے ملادیا۔ دوسروں کو چور کہنے والے وزیر داخلہ اور وزیراعلیٰ پنجاب کیا بے گناہ ہیں؟، وزیراعظم کو ملک چلانا ہے تو پہلے اداروں کا احترام کریں۔ وزیراعظم رضاکارانہ طور پر استعفیٰ دیدیں۔ سپریم کورٹ میں قطر والوں کی بھی رسوائی ہوئی۔ عابد شیر کو اندازہ نہیں انکے بیانات سے کیا نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا خان صاحب،آنکھ انگلی سے ہٹاﺅ عوام پر رکھو، پی ٹی آئی والے خان صاحب کو سیاسی طریقہ کار سکھائیں۔ خان صاحب کن کے اشارے پر سب کر رہے ہیں ہم جانتے ہیں۔ خان صاحب پنجاب کی وجہ سے خوفزدہ ہیں۔ عمران خان نے پنجاب میں چھپ کر مسلم لیگ سے مک مکا کیا ہے اور خفیہ اتحاد کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے سینئر رہنماﺅں سے کہتا ہوں عمران خان کو سیاست سکھائیں۔ تبدیلی انگلی اٹھانے سے نہیں آتی۔ نیئر بخاری نے کہا ہے پتہ نہیں حکومت کس بنیاد پر خوشی منارہی ہے۔تین ججز نے مزید تحقیقات کیلئے کہا ہے۔وزیراعظم نے تکنیکی بنیادوں کا سہارا لیا۔وزیراعظم اپنے وزراءکو لگام دیں،جیالے بے قابو ہوئے تو کوئی نہیں روک سکے گا۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیئربخاری نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے پانامہ فیصلے پر اپنا موقف دیا۔
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ+ نیوز ایجنسیاں+ نامہ نگاران) وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 2018ءمیں الیکشن میں زور آزمائی ہوئی تو پتہ چل جائے گا۔ پچھلے تین چار دن سے لوڈشیڈنگ میں کمی ہوئی‘ اب صرف اعلانیہ لوڈشیڈنگ ہو رہیہے، جہاں صارفین باقاعدگی سے بل ادا کرتے ہیں وہاں بجلی فراہم ہو رہی ہے۔ بجلی چوری کی وجہ سے لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ پیپلزپارٹی‘ چودھری شجاعت اور جماعت اسلامی میں کتنا زور ہے ہمیں پتہ ہے۔ جہاں 70 فیصد سے زیادہ بجلی چوری ہوتی ہے وہاں لوڈشیڈنگ ہوتی ہے۔ سندھ میں بجلی کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ بجلی چوری نہیں ہو گی تو صورتحال بہتر ہو گی۔ سندھ‘ خیبر پی کے اور بلوچستان میں ابھی بھی بہت سے علاقوں میں مشکلات ہیں۔ بل ادا نہ کرنے والوں پر ریلیف نہیں ملے گا۔ لوڈشیڈنگ تو پورے پاکستان میں ہو رہی ہے۔ ایک صوبے میں نہیں ہو رہی۔ شیڈول لوڈشیڈنگ پورے ملک میں ہو رہی ہے‘ غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی‘ جہاں احتجاج ہو رہا ہے وہاں ہائی لاسز ہیں۔ جہاں بجلی چوری ہوتی ہے وہاں 10 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہے۔ احتجاج کرنے والے لیڈر لوگوں سے کنڈے ہٹوائیں۔ احتجاجی جلوس نکالنے کی بجائے رہنما لوگوں کو بل ادا کرنے کی ترغیب دیں۔ جتنا زور ہے اتنا زور لگائیں گے۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف پیرس روڈ پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ عمر ڈار اور عثمان ڈار کی قیادت میں ہونے والے مظاہرہ میں مرد و خواتین کارکنوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بجلی کی لوڈشیڈنگ‘ مہنگائی‘ بے روزگاری‘ بدامنی کے خلاف نعرے درج تھے۔ ساہیوال سے نامہ نگار کے مطابق ضلع بھر میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ دورانیہ 16 گھنٹے تک پہنچ گیا۔ امتحان دینے والے طالب علموں سمیت شہریوں کا گرمی سے برا حال ہے۔ شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیراعظم سے مطالبہ کیا بجلی فراہمی کے وعدے پورے کئے جائیں۔ پاکپتن سے نامہ نگار کے مطابق پاکپتن میں میپکو کی بدترین لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی اور مشکلات کا سامنا ہے‘ بار بار ٹرپنگ نے شہریوں کا جینا اجیرن بنا دیا ہے۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق قصور اور گردونواح میں لیسکو کی جانب سے ہر گھنٹے بعد بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری‘ شدید گرمی میں شہری بلبلا اٹھے اور سراپا احتجاج ہیں۔ شہر میں 16‘ دیہات 18گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے‘ کاروباری مراکز‘ مزدور طبقہ بجلی کی فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے بُری طرح متاثر ہے۔