ٹوکیو (بی بی سی + اے پی پی) شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا نے کہا ہے کہ ان کا ملک ایک امریکی طیارہ بردار بحری جہاز کو 'ڈبونے کے لیے تیار ہے۔رودونگ سنمن اخبار نے خبردار کیا ہے کہ امریکی بحری جہاز کارل ونسن ''ایک ہی وار'' میں ڈبویا جا سکتا ہے۔اس بحری جہاز کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس تنبیہ کے ساتھ جزیرہ نما کوریا کی طرف بھیجا تھا کہ شمالی کوریا کے جوہری عزائم کے معاملے پر امریکہ کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ہے۔اخبار نے لکھا ہے: 'ہماری انقلابی افواج ایٹمی طاقت سے چلنے والے امریکی طیارہ بردار جہاز کو ایک ہی وار میں ڈبونے کے لیے تیار ہیں۔ ایک ''ناگوار جانور'' پر حملہ 'ہماری فوج کی طاقت کے مظاہرے کی اصل مثال ہو گا۔سرکاری اخبار منجو جوسون نے بھی کچھ ایسی ہی بات کرتے ہوئے لکھا ہے کہ فوج 'دشمن کے خلاف ایسے بےرحمانہ وار کرے گی کہ وہ دوبارہ زندہ نہ ہو سکے۔امریکی جنگی جہاز ونسن بحیرہ فلپائن میں جاپانی بحریہ کے ساتھ مل کر جنگی مشقوں میں حصہ لے رہا ہے۔یہ مشقیں جزیرہ نما کوریا میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں ہیں۔
ہماری فوج امریکن بحری جہاز کو ڈبونے کیلئے تیار ہے : شمالی کورین میڈیا
Apr 24, 2017