کراچی (اے این این+ نوائے وقت رپورٹ) پاک سرزمین پارٹی(پی ایس پی) کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ سندھ میں روزانہ پانامہ جیسے 100کیس سامنے آ رہے ہیں، کرپشن انتہا کو پہنچ چکی ہے مگرکراچی شہر لاوارث نہیں، عوام حوصلہ مت ہاریں ہم ان کرپٹ لوگوں کو جیلوں میں ڈالیں گے، لوگوں کو حقوق دلائیں گے، حکمرانو! دیکھو کراچی کے وارث آچکے ہیں۔ پریس کلب پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم نے مسائل کے حل کیلئے لوگوں کو احتجاج کیلئے نہیں بلایا۔ پی ایس پی عوام کے بنیادی حقوق کیلئے آواز اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 30سال میں شہر کے حقوق کیلئے کسی نے آواز نہیں اٹھائی۔ پاک سرزمین پارٹی نے کراچی پریس کلب سے احتجاجی دھرنا ختم کر دیا۔ مصطفی کمال نے اس موقع پر کہا کہ آج اپنی جدوجہد کا پہلا مرحلہ مکمل کر لیا، اب 14 مئی کو محلات کی جانب ملین مارچ کرینگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چاہیں تو آج بھی پورا شہر بند کر سکتے ہیں لیکن ہم پرامن رہیں گے، ہمارا احتجاجی مارچ مراعات یا پروٹوکول کیلئے نہیں بلکہ کراچی کے لوگوں کیلئے ہو گا۔
مصطفی کمال