نوازشریف کو قانون کے مطابق سیکورٹی دینے کا حکم‘ خطرے کا شکار افراد سے واپس نہ لی جائے : چیف جسٹس

Apr 24, 2018

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت ) سپریم کورٹ نے جان کے خطرے کا شکار افراد سے سکیورٹی واپس نہ لینے اور تمام صوبوں کو سکیورٹی فراہمی کا فارمولا ایک ہفتے میں طے کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ پیر کوچیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے غیر متعلقہ افراد کی سیکورٹی واپس لینے سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے حکم دیا کہ جن لوگوں کو جان کا خطرہ ہے ان سے سکیورٹی واپس نہ لی جائے اور تمام صوبے سکیورٹی فراہمی کا فارمولا ایک ہفتے میں طے کرلیں۔ آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ جن افراد کے نام وزارت داخلہ نے دیئے ہیں ان کو سکیورٹی فراہم کرتے ہیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ کچھ لوگوں کو سکیورٹی واپس لینے پر اعتراض ہے، جن کی زندگی کو خطرہ ہے اس کو سکیورٹی ملنی چاہیے، اس سے سیکورٹی واپس نہ لیں، کسی کی زندگی کو خطرے میں نہیں ڈالنا چاہتے، نواز شریف کو بطور سابق وزیراعظم سکیورٹی ملی ہے، قانون کے مطابق نواز شریف کی جوسیکیورٹی بنتی ہے ملنی چاہیے، معلوم کریں اسفند یار ولی خان کو سکیورٹی ملی؟۔چیف جسٹس نے کہا کہ پنجاب میں غیر متعلقہ افراد کی سکیورٹی کا خرچہ ایک ارب 38 کروڑ بنتا ہے، سفید کپڑوں میں ملبوس افراد کو بھی سکیورٹی پر مامور کیا جاتا ہے۔ چیف جسٹس نے حکم دیا کہ تمام صوبے اپنے سکیورٹی کے قوائد یا طریقہ کار بنا لیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ لاہور میں دیکھا ہے سرکاری گاڑیاں بچے چلارہے ہیں، سرکاری گاڑیوں کا غلط استعمال نہیں ہونا چاہیے، تمام صوبے سکیورٹی فراہمی سے متعلق یکساں فارمولہ بنائیں، ایسے لوگوں کو سکیورٹی نہیں ملنی چاہیے جو اہلیت نہیں رکھتے، سکیورٹی سے متعلق ایکشن لینے کا مقصد ٹیکس کا پیسہ بچانا ہے۔ کیس کی مزید سماعت ملتوی کردی گئی۔
سپریم کورٹ‘ ازخود

مزیدخبریں