سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام ”ورلڈ بک ڈے“ کے حوالے سے واک

لاہور (سپورٹس رپورٹر) سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام ”ورلڈ بک ڈے“ کے حوالے سے نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں واک کا اہتمام کیا گیا جس میں سپورٹس بورڈ پنجاب، ٹیکسٹ بک بورڈ کے ملازمین کے علاوہ شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، پیر کے روز ہونیوالی واک پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ سے شروع ہوکر ای لائبریری سنٹر قذافی سٹیڈیم پر اختتام پذیر ہوئی، واک کی قیادت ای لائبریریز سپورٹس بورڈ پنجاب کے ہیڈآصف بلال نے کی۔ ورلڈ بک ڈے کے حوالے سے ڈائریکٹر ایڈمن سپورٹس بورڈ پنجاب جاوید چوہان نے کہا کہ کتاب سے محبت ہی کامیابی کی دلیل ہے، دانشور، ادیب اور سائنسدان اپنے تجربات کتابوں میں محفوظ کرتے ہیں جن کی رہنمائی سے ہم باآسانی آگے بڑھ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے بھی انسان کی رہنمائی اور بھلائی کیلئے قرآن پاک نازل کیا، اس لئے ہم سب کو کتاب سے محبت کرنی چاہئے اور زیادہ سے زیادہ کتب بینی کرنی چاہئے۔ ہیڈ آف ای لائبریریز سپورٹس بورڈ پنجاب آصف بلال نے کہا کہ واک کا مقصد لوگوں میں کتب بینی کے فوائد کو اجاگر کرنا ہے، کتاب بہترین رہنما اور استاد ہوتی ہے۔ خصوصی طور پر نئی نسل کو زیادہ سے زیادہ کتب بینی کرنی چاہئے۔

ای پیپر دی نیشن