ڈسٹرکٹ پریمیئر لیگ کا ٹائٹل ننکانہ چیتاس نے جیت لیا

Apr 24, 2018

ننکانہ صاحب(نامہ نگار)پہلی ننکانہ پریمیئر لیگ کے فائنل میچ میں ڈسٹرکٹ کونسل ننکانہ صاحب کی ٹیم ننکانہ چیتاس نے کامیابی حاصل کی، ٹیم کی کامیابی پر علاقہ کی سیاسی و سماجی شخصیات کی ٹیم کے آنر چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل ننکانہ صاحب محمد طاہر ملک سمیت کھلاڑیوں کو مبارکباد، مزید کامیابیوں کی دعا۔ پی ایس ایل کی طرح ننکانہ صاحب میں سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے پہلی ننکانہ پریمیئر لیگ کا انعقاد کیا گیا این پی ایل کا فائنل میچ گزشتہ روز میونسپل اسٹیڈیم ننکانہ صاحب میں ننکانہ چیتاس اور ننکانہ قلندر کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا ، ننکانہ قلندر کی ٹیم نے کرکٹ کے فائنل میچ میں ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیااور مقررہ 6اوورز میں 52رنز کا ہدف دیا جس کے مقابلہ میں ڈسٹرکٹ کونسل ننکانہ صاحب کی ٹیم ننکانہ چیتاس نے مذکورہ ہدف باآسانی عبور کرکے ننکانہ پریمیئر لیگ کا فائنل میچ اپنے نام کیا۔ ننکانہ پریمیئر لیگ کا فائنل میچ دیکھنے کے لئے شہریوں سمیت گردونواح سے سینکڑوں شائقین کرکٹ میونسپل اسٹیڈیم ننکانہ صاحب پہنچے جنہوں نے ہر بال پر کھلاڑیوں کی خوب حوصلہ افزائی کی جبکہ ننکانہ پریمیئر لیگ کے فائنل میچ کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب ملک عبدالوحید تھے ۔

، ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب نے ننکانہ پریمئر لیگ کے فائنل مقابلہ میں کامیاب ہونے والی ٹیم میں ایک لاکھ روپے نقدانعام اور ٹرافی جبکہ رنر اپ ٹیم کے کھلاڑیوں میں پچاس ہزار روپے کا نقد انعام اور ٹرافی دی۔ ننکانہ چیتاس کی پہلی ننکانہ پریمیئر لیگ کے فائنل میچ میں کامیابی پر چوہدری طارق محمود باجوہ ایم پی اے، چیئرمین میونسپل کمیٹی ننکانہ صاحب چوہدری نعیم احمد، چیئرمین میونسپل کمیٹی سانگلہ ہل حسن شاہنوار ملہی، پریس کلب ننکانہ صاحب کے صدر چوہدری افضل حق خاں، چیئرمین ننکانہ میڈیا رپورٹرز ایسوسی ایشن (نیمرا) باﺅ ظفر اقبال ملک، سمیت دیگر سیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنماﺅں نے ٹیم کے آنر چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل ننکانہ صاحب محمد طاہر ملک اور ٹیم کے کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ کھلاڑی آئندہ بھی کھیل کے میدان میں کامیابیاں حاصل کرکے اپنا اور اپنے ملک کا نام پوری دنیا میں روشن کریں گے۔

مزیدخبریں