لاہور (آئی این پی) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ہمیں مسلسل ناانصافی کا نشانہ بنایا گیا، ووٹ اور آئین کی حرمت کو یقینی بنائے بغیر آگے بڑھنا ممکن نہیں، منصفانہ غیر جانبدارانہ اور بروقت انتخابات ہی ملک کو درپیش بحرانوں سے نکال سکتے ہیں۔ اپنے جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نامساعد حالات اور رکاوٹوں کے باوجود مسلم لیگ (ن) حکومت کی کارکردگی ماضی اور حال کی تمام حکومتوں سے بہتر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات قریب ہیں، ملک میں سب کے لئے سازگار ماحول مہیا کیا جائے اور انتخابی عمل متنازعہ بنانے سے گریز کیا جائے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ووٹ اور آئین کی حرمت کو یقینی بنائے بغیر آگے بڑھنا ممکن نہیں، اختلاف احترام سے بھی کیا جا سکتا ہے، فریقین ایک دوسرے کی گت بنانے کی بجائے انصاف اور تدبر سے کام لیں۔