اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)"علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے نئی نسل کو کتابیں پڑھنے کی طرف راغب کرنے اور علم دوست معاشرے کے قیام کے لئے اپنی مرکزی لائبریری کو جدید آٹومیشن کے تحت آن لائن کردیا ہے جس سے ملک بھر میں موجود یونیورسٹی کے لاکھوں طلبہ و طالبات کے علاوہ دیگر عوام کو بھی یونیورسٹی لائبریری میں موجود کتابوں ٗ رسائل و جرائد ٗ مقالے اور دیگر تمام سہولتوں تک رسائی حاصل ہوچکی ہے" ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر ٗ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کتاب کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی لائبریری کونہایت جدید بنادیا گیا ہے جو ریسرچ ورک کے لئے مضبوط سپورٹ فراہم کررہی ہے ۔ڈاکٹر شاہد صدیقی نے اپنے پیغام میں مزید بتایا کہ یونیورسٹی کی لائبریری کے اوقات کار کو بھی بڑھادیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ قارئین لائبریری سہولت سے مستفید ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی مرکزی لائبریری طلبہ و طالبات اور فیکلٹی ممبرز کو سوموار سے جمعہ کے دن تک صبح 8۔بجے سے شام 7۔بجے تک خدمات فراہم کرتی ہے جبکہ ہفتہ وار تعطیلات کے دوران)ہفتہ اور اتوار(کے دن صبح 9۔بجے سے شام 4۔بجے تک کھلی رہتی ہے۔ڈاکٹر شاہد صدیقی نے مزید کہا کہ لائبریری نیٹ ورک کی توسیع میں بصارت سے محروم طلبہ کا بھی خیال رکھا گیا ہے۔ نابینا افراد کو ای لرننگ سہولت فراہم کرنے کے لئے یونیورسٹی نے اپنی مرکزی لائبریری سمیت تمام علاقائی دفاتر کی لائبریریوں میں بھی "ای لرننگ ایکسسیبلٹی سینٹرز"قائم کی ہیں۔