راولپنڈی ( رپورٹ:محمد رضوان ملک) الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹر لسٹ آویزاں کرنے کے پوائنٹس قریب ترین سکولوں کی بجائے دور دراز اور غیر متعلقہ علاقوں میں مقرر ہونے پر کنٹونمنٹ بورڈ راولپنڈی کینٹ کے شہری سراپا احتجاج بن گئے سیاسی ، سماجی رہنمائوں نے چیف الیکشن کمشنر سے اپیل کی کہ وہ صورتحال کا فوری نوٹس لیں ۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین سٹیزنز کونسل راولپنڈی خاور بٹ ، پاکستان پیپلز پارٹی کے سرکردہ رہنماء ملک ریاست ،پیپلز پارٹی راولپنڈی کینٹ کے رابطہ سیکرٹری خواجہ وسیم احمد ، سٹیزنزفورم راولپنڈی کے جنرل سیکرٹری عزیزاحمد خان ، وارڈ نمبر3 پیپلز پارٹی کے رہنماء صغیر احمد ، طارق نقی اور اعجاز احمد ، طاہر بٹ اور فدا شاہ نے ایوان وقت میں کیا۔انہوں نے کہا ہمارے ساتھ پہلا ظلم یہ ہے کہ راولپنڈی کینٹ کے وارڈ نمبر3 کو تین حصوں میں غیر فطری طور پر تقسیم کردیا گیا ہے پہلے حصے کو ایف جی گرلز پبلک سکول نئی چھائونی ، دوسرا لوکو شیڈ کالونی اور تیسرا حصہ گوالمنڈی ایف جی سکول دریا آباد میں ڈسپلے سینٹر بناکر اہل علاقہ کو اپنے ووٹوں کے اندراج و تنسیخ کیلئے مشکلات سے دوچار کردیا گیا ہے جبکہ ہمارے علاقے کا ڈسپلے سینٹر50 نمبرایف جی پبلک سکول محفوظ روڈ ہونا چاہئے تھا جبکہ اسے 54 نمبر ڈسپلے سینٹر کے متبادل کے طور پر رکھا گیا ہے ہمارا الیکشن کمیشن سے مطالبہ ہے کہ ہمارے علاقے کے ڈسپلے سینٹر گورنمنٹ ڈینیز ہائی سکول ، ایف جی گرلز ہائی سکول کشمیر روڈ اور ایف جی پبلک سکول محفوظ روڈ میں بنائے جائیں اور الیکشن کمیشن اپنے ادارہ جاتی اقدام سے اس سارے معاملے کو درست کرے تاکہ لوگ اپنے قریب ترین سکولوں میں قائم ہونے والے پولنگ سٹیشنوں میں آسانی سے پہنچ سکیں۔ اس سے انتخابی عمل بھی شفاف بن جائے گا۔انہوںنے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹر لسٹ آویزاں کرنے کیلئے دو ر درازعلاقوں میں پوائنٹ بنائے گئے ہیں جس کی وجہ سے ووٹروں کی بڑی تعداد نئے ووٹوں کے اندراج اور تنسیخ کے عمل سے محروم ہو چکی ہے ۔ انہوں نے کہا ان سینٹرزمیں موجود الیکشن کمیشن کے عملے کے پاس فارم نمبر15 اور17 کے حوالے سے ریکارڈ ہی نہیں ہے وارڈ نمبر3 کے علاقوں بھوسہ منڈی صدر ، حاطہ شیخ فضل الہیٰ، پولیس سٹیشن روڈ ، مولوی محلہ ، صدر بازار ، مولوی محمد حسین سٹریٹ ، دھرم پورہ ، کنٹونمنٹ بورڈ ہسپتال کوارٹرز ، بینک روڈ ، حیدر روڈ ، کوئلہ سینٹر کے علاقوں کو نئی چھائونی ویسٹریج کے سکول میں جبکہ بابو محلہ ، مٹھو خان حاطہ ، کنک منڈی ، گلی فضل حق ، کامران مارکیٹ ، گوالمنڈی کمہار روڈ ، پرانی گوالمنڈی ، دریا آباد کے ووٹرز کو لوکو شیڈ کالونی جبکہ ریلوے ٹریفک کالونی ، لوکو شیڈ ، ریلوے گارڈن روڈ ، ریلوے پرانا ہسپتال اور بیکری چوک کو گوالمنڈی کے ایف جی سکول دریا آباد میں ڈسپلے سینٹر بنائے گئے ہیں جو ووٹروں کے ساتھ زیادتی ہے ۔کیونکہ کہ وہ ان کے گھروں سے بہت دور اور بکھرے ہوئے ہیں۔